کرکٹ سیاست کی نذر: بھارتی ہٹ دھرمی برقرار، ویمنز ٹیم کا بھی محسن نقوی سے ٹرافی لینے سے انکار
ٹرافی دینے کا پروٹوکول مکمل طور پر طے تھا بھارتی ٹیم نے وصول نہ کرنے کا فیصلہ خود کیا، سری لنکن ویمن ٹیم کی کپتان نے رنرز اپ انعام وصول کیا، کرکٹ حلقوں میں بھارتی رویے پر شدید تنقید اگر فاتح ٹیم نے ٹرافی وصول کرنی ہے تو محسن نقوی سے ہی کریگی، صدر ایشین کرکٹ کونسل اس بار انتظار کرنے کے بجائے سٹیڈیم سے چلے گئے ،فیصلہ بی سی سی آئی نے کیا:بھارتی ویمنز کوچ
لاہور(سپورٹس ڈیسک)بھارت نے ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک بار پھر کھیل کو سیاست کی نذر کر دیا۔بھارتی ویمنز ٹیم نے ویمنز ایشیا کپ کا فائنل جیتنے کے بعد چیئرمین ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) محسن نقوی سے ٹرافی لینے سے انکار کرکے ایک بار پھر کرکٹ کو سیاست کی نذر کر دیا۔دبئی میں ویمنز ٹی 20 ایشیا کپ فائنل کے انعامات دینے کی تقریب ہوئی جس میں اے سی سی کے صدر محسن نقوی سٹیج پر موجود تھے ۔ تاہم بھارتی ٹیم ڈریسنگ روم کے باہر دائرہ بناکر موجود رہی اور گراؤنڈ میں نہیں آئی جس کے باعث بھارتی ٹیم کے بغیر ہی تقریب مکمل ہوئی اور بھارتی ویمنز ٹیم نے ٹرافی وصول نہیں کی جس پر ٹرافی اے سی سی نے رکھ لی۔اے سی سی ذرائع نے واضح کیا ہے کہ اگر فاتح ٹیم نے ٹرافی وصول کرنی ہے تو محسن نقوی سے ہی وصول کرے گی۔دوسری جانب سری لنکن ویمن ٹیم کی کپتان چماری اتاپتو نے چیئرمین اے سی سی محسن نقوی سے رنرز اپ انعام وصول کرلیا۔ذرائع اے سی سی کا کہنا ہے کہ ٹرافی دینے کا پروٹوکول مکمل طور پر طے تھا، ٹرافی فاتح بھارتی ٹیم کو دینے کے لیے دستیاب تھی، بھارتی ٹیم نے ٹرافی وصول نہ کرنے کا فیصلہ خود کیا۔
ذرائع کے مطابق محسن نقوی اپنے مو قف سے پہلے بھی ایک انچ پیچھے نہیں ہٹے تھے اور آج بھی اپنے اسی مو قف پر قائم ہیں، جس کے تحت کرکٹ کے معاملات کو سیاسی تنازعات سے الگ رکھتے ہوئے کھیل اور اس کی روایات کو مقدم رکھا جانا چاہیے ۔کرکٹ کے حلقوں میں بھارتی ٹیم کے اس رویے کو سپورٹس مین سپرٹ کے حوالے سے بھی تنقید کا سامنا ہے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی ویمنز ٹیم کا یہ طرز عمل ایک سال کے دوران دوسری مرتبہ سامنے آیا ہے ، جب کسی بڑے کرکٹ ایونٹ میں فاتح بھارتی ٹیم نے ٹرافی دینے والے ایشین کرکٹ کونسل کے چیئرمین سے ٹرافی وصول کرنے سے گریز کیا۔ اے سی سی نے کہا ہے کہ فاتح ٹیم کو ٹرافی صدر ایشین کرکٹ کونسل ہی سے ملے گی۔محسن نقوی اور دیگر عہدے دار اختتامی تقریب کے لیے سٹیج پر موجود تھے ، محسن نقوی ایشین کرکٹ کونسل کے صدر ہیں۔
محسن نقوی اس مرتبہ انتظار کرنے کے بجائے اپنی گاڑی میں بیٹھ کر سٹیڈیم سے روانہ ہوگئے ۔بھارتی ویمنز ٹیم کے کوچ امول مزومدار نے ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ فیصلہ بھارتی کرکٹ بورڈ نے کیا اور ہم اس کے ساتھ کھڑے ہیں۔ میچ کے بعد پریس کانفرنس کے دوران بھارتی ویمنز ٹیم کے ہیڈ کوچ نے کہا کہ ٹرافی نہ لینا سپورٹس مین سپرٹ کے خلاف نہیں ہے ۔ہمارے لیے یہ ٹورنامنٹ ختم ہوچکا ہے ۔ ہم چیمپئن ہیں۔انہوں نے کہا کہ بڑے بورڈ پر لکھا تھا کہ بھارت ‘ایشیا کپ 2026 کا چیمپئن’ ہے ۔ ہمارے لیے یہ ٹورنامنٹ باضابطہ طور پر ختم ہوچکا ہے ۔ اب ہماری نظریں ایشین گیمز پر ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments