حادثات اور ہنگامی حالات میں بروقت ابتدائی طبی امداد ناگزیر: مریم نواز

 حادثات اور ہنگامی حالات میں بروقت ابتدائی طبی امداد ناگزیر: مریم نواز

فرسٹ ایڈ کا شعور اجاگر کرنا ضروری ،قیمتی جانیں بچانے کیلئے تمام وسائل فراہم کرنیکی پالیسی پر عمل پیرا ہرشہری فرسٹ ایڈ کی تربیت حاصل کرے :وزیراعلیٰ، ریسکیورز کی تربیت مکمل ہونے پر اظہارِ تشکر

لاہور (نیوزایجنسیاں، دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے کہا کہ حادثات اور ہنگامی حالات میں بروقت ابتدائی طبی امداد ناگزیر ہے ۔انہوں نے ورلڈ فرسٹ ایڈ ڈے پر اپنے پیغام میں ریسکیو 1122 سروس فراہم کرنے والے ریسکیورز اور ہسپتالوں کے ایمرجنسی سٹاف کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ بروقت فرسٹ ایڈ قیمتی انسانی جان بچانے کے لیے بہت اہمیت رکھتی ہے ، حادثات اور ہنگامی حالات میں ابتدائی طبی امداد ناگزیر ہے ۔ محفوظ اور صحت مند معاشرے کے لیے عوام میں فرسٹ ایڈ کا شعور اجاگر کرنا ضروری ہے ۔ پنجاب حکومت ہنگامی صورتحال میں قیمتی انسانی جانیں بچانے کے لیے تمام تر میسر وسائل فراہم کرنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے ۔وزیراعلیٰ کے مطابق پنجاب گولڈن آورز کے دوران مریض کے یقینی علاج کے لیے ایئر ایمبولینس شروع کرنے والا پہلا صوبہ ہے جبکہ حکومت پنجاب ہنگامی طبی خدمات کو بہتر بنانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کر رہی ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ سیلاب متاثرہ علاقوں میں کلینک آن ویلز، فیلڈ ہسپتال اور کلینک آن بوٹس کے ذریعے فرسٹ ایڈ اور ریسکیو سروسز فراہم کی گئیں۔ ریسکیو 1122 دن رات انسانیت کی خدمت اور حادثات کے شکار افراد کو فوری طبی امداد فراہم کرنے میں مصروف عمل ہے ۔ ہر شہری بالخصوص نوجوانوں اور طلبا و طالبات کو بنیادی فرسٹ ایڈ کی تربیت حاصل کرنی چاہیے ۔انہوں نے صوبے میں 1 لاکھ 26 ہزار 284 ریسکیورز کی تربیت کی کامیابی سے تکمیل پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہوئے تمام ریسکیو حکام اور جوانوں کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی اور اتنی بڑی تعداد میں ریسکیورز کو جدید فرسٹ ایڈ ٹریننگ فراہم کرنے والے ریسکیو حکام اور انسٹرکٹرز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے انہیں خصوصی شاباش دی دیتے ہوئے کہا کہ انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے شب و روز مصروفِ عمل رہنے والے تمام اہلکار قوم کے حقیقی ہیرو ہیں اور ان کی خدمات لائقِ تحسین ہیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...