وزیراعظم کا سعودی ولی عہد سے رابطہ، حوثی حملوں کی شدید مذمت
شہباز شریف کا سعودی قیادت ،عوام کیساتھ یکجہتی کا اظہار ،رابطہ برقرار رکھنے پر اتفاق شہزادہ محمد بن سلمان نے خطے میں امن و استحکام کیلئے پاکستان کی کوششوں کو سراہا
اسلام آباد(نامہ نگار،نیوز ایجنسیاں) وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی عرب کے ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود سے ٹیلیفون پر گفتگو کی ہے ۔ اتوار کو وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق نہایت گرمجوشی اور دوستانہ ماحول میں ہونے والی گفتگو کے دوران وزیراعظم نے سعودی عرب پر حوثیوں کی جانب سے حالیہ حملوں، بالخصوص سعودی عرب کے شہری اور اقتصادی بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنانے کی شدید مذمت کا اعادہ کیا۔وزیراعظم نے سعودی قیادت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حوثیوں کی حالیہ کارروائیاں علاقائی امن و سلامتی کے لیے خطرہ ہیں اور عالمی معیشت اور توانائی کی فراہمی میں مزید خلل کا باعث بن سکتی ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ وہ فیلڈ مارشل عاصم منیر اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے ہمراہ کشیدگی میں کمی لانے اور خطے میں امن کے قیام کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے ۔ وزیراعظم نے موجودہ بحران کے دوران دانشمندانہ اور دوراندیش قیادت پر سعودی ولی عہد کو خراج تحسین پیش کیا۔وزیراعظم نے اس موقع پر خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کے لیے اپنی نیک خواہشات اور دلی احترام کا بھی اظہار کیا۔سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے سعودی عرب کے لیے پاکستان کی مسلسل اور ثابت قدم حمایت اور خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔دونوں رہنماؤں نے قریبی رابطہ برقرار رکھنے پر اتفاق کیا اور جلد ملاقات کی خواہش کا اظہار کیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments