ریلیف ناکافی، لیوی ختم نہ ہوئی تو20ستمبرکو مارچ ہوگا:حافظ نعیم
مذاکرات کے نام پر ٹال مٹول قبول نہیں ، مطالبات سے دستبردار نہیں ہونگے ملک بھر سے قافلے اسلام آباد پہنچیں گے ، حکومت کسی ایڈونچر سے باز رہے
اسلام آباد، تیمرگرہ(اپنے رپورٹرسے ،مانیٹرنگ ڈیسک)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ حکومت کی طرف سے اعلان کردہ ریلیف ناکافی ہے ، پٹرولیم لیوی ختم نہ کی تو 20ستمبر کو اسلام آبادکی طرف مارچ ہوگا۔ 20ستمبر کو ملک بھر سے قافلے اسلام آباد پہنچیں گے ، حکومت کسی بھی ایڈونچر سے باز رہے ، مذاکرات کے نام پر ٹال مٹول قبول نہیں ، جماعت اسلامی کسی صورت اپنے مطالبات سے دستبردار نہیں ہوگی ۔ظالمانہ پٹرولیم لیوی کے خلاف جماعت اسلامی کی جدوجہد کے نتیجے میں حکومت 100 روپے فی لٹر ریلیف دینے پر مجبور ہوئی۔ موٹر سائیکل، رکشہ اور چھوٹی گاڑیوں کیلئے پٹرول پر 100 روپے فی لٹر ریلیف کی تجویز کا جائزہ لیں گے ۔ وزیراعظم کی اس سکیم سے پٹرولیم لیوی کیخلاف جاری جماعت اسلامی کی جدوجہد پر کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ملک کے 36 شہروں میں جماعت اسلامی کے دھرنے جاری ہیں۔پٹرولیم لیوی کے مکمل خاتمے تک جماعت اسلامی کی جدوجہد، لانگ مارچ اور دھرنے جاری رہیں گے۔
پی ٹی آئی ، جمعیت علماء اسلام ، اے این پی سمیت ساری اپوزیشن نے جماعت اسلامی کے لانگ مارچ کی حمایت کی ہے ، جب تک مافیاز ختم نہیں ہوں گے ملک کے مسائل حل نہیں ہوسکتے ،بانی پی ٹی آئی عمران خان کو سیاسی قیدی سمجھتے ہیں ، انہیں صحت کی تمام سہولیات دی جائیں ، احتجاج تحریک انصاف کا آئینی حق ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہر گزرتے دن کے ساتھ دھرنوں میں عوام کی شرکت بڑھ رہی ہے ، عوام نے پٹرولیم لیوی کو بھتہ ٹیکس قرار دیا ہے اور حکومت کو ہر صورت یہ لیوی ختم کرنا ہوگی۔پٹرولیم لیوی کا پٹرول کی قیمت سے کوئی تعلق نہیں، بلکہ ایک مافیائی نظام کے تحت چند افراد کو فائدہ پہنچانے کیلئے عوام پر ظلم کیا جا رہا ہے ۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا ملک میں ایک ایلیٹ گروپ عوام کو لوٹ رہا ہے ۔ شوگر مافیا پہلے چینی برآمد کرکے مصنوعی قلت پیدا کرتا ہے اور پھر خود ہی اسے درآمد کرتا ہے ۔ اسی طرح کسان سے گندم 2200 سے 2500 روپے من خریدی گئی لیکن بعد میں یہی گندم 4000 سے 5000 روپے من تک فروخت ہوئی۔ ان تمام چکر بازیوں میں ایک ہی مافیا ملوث ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر آئی پی پیز کے معاہدے قوم کے سامنے لے آئیں تو پوری قوم حکمرانوں پر انگلیاں اٹھانا شروع کردے گی۔ ملک بھر میں ایلیٹ کلاس کیلئے کلبز قائم ہیں جو انگریزوں کے دور سے چلے آرہے ہیں۔ حکومت ان کلبز کی زمینوں، ٹیکس ادائیگیوں اور دیگر معاملات کا فرانزک آڈٹ کرائے ۔ جب تک مافیاز ختم نہیں ہوں گے ملک کے مسائل حل نہیں ہوسکتے ۔ امیرجماعت اسلامی نے کہا حکومت کو پٹرولیم لیوی ختم کرنے کیلئے مناسب تجاویز دی ہیں۔ شرح سود ساڑھے 11 فیصد سے تین فیصد کم کردی جائے تو ملک کے 17سو ارب روپے بچائے جاسکتے ہیں۔ حافظ نعیم الرحمن نے حکمرانوں سے سوال کیا کہ وہ 1300 سی سی گاڑیاں کیوں استعمال نہیں کرتے ، کیا 1300 سی سی گاڑی میں کوئی کانٹے لگے ہوئے ہیں؟ ]تنخواہ دار طبقے سے ٹیکس لیا جا رہا ہے لیکن جاگیرداروں سے نہیں لیا جاتا۔ حکومت مزید مذاکرات کرنا چاہتی ہے تو کرلے ، مذاکرات کے نام پر ٹال مٹول قبول نہیں ، جماعت اسلامی کسی صورت اپنے مطالبات سے دستبردار نہیں ہوگی ، اسلام آباد مارچ کو غیر جمہوری ہتھکنڈوں سے روکا گیا تو حکومت خود مشکل میں پڑ جائے گی، عوام کنٹرول میں نہیں رہیں گے ، حالات کی ذمہ دار حکومت ہوگی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments