ہرنائی:کوئلہ کان میں گیس دھماکا، 4کان کن جاں بحق، 5زخمی
شاہرگ کول مائن میں9 کان کن موجودتھے ، پاک فوج کی امدادی کارروائی تمام زخمیوں کو کوئٹہ ٹراما سینٹر منتقل کردیا گیا،مرنیوالوں کا تعلق سوات سے ہے
ہرنائی (اے پی پی، نامہ نگار) ضلع ہرنائی کی تحصیل شاہرگ میں پی ایم ڈی سی کول مائن ایریا نمبر 151 میں زہریلی گیس بھرنے کے باعث زوردار دھماکا ہوا، جس کے نتیجے میں 4 کان کن جاں بحق جبکہ 5 شدید زخمی ہوگئے ۔ پولیس اور لیویز ذرائع کے مطابق حادثہ دن کے وقت پیش آیا، جب کان کے اندر مجموعی طور پر 9 کان کن کام کر رہے تھے ۔ اطلاع ملتے ہی قریبی کوئلہ کانوں میں کام کرنے والے کان کن موقع پر پہنچ گئے اور اپنی مدد آپ کے تحت ریسکیو آپریشن شروع کردیا۔ بعد ازاں پاک فوج اور ریسکیو ٹیموں نے بھی امدادی کارروائی میں حصہ لیا اور کئی گھنٹے کی جدوجہد کے بعد ملبے تلے دبے 4 کان کنوں کی لاشیں اور 5 زخمیوں کو نکال لیا گیا۔ زخمیوں کو فوری طور پر شاہرگ سول ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ابتدائی طبی امداد کے بعد تشویشناک حالت کے پیش نظر تمام زخمیوں کو مزید علاج کے لیے کوئٹہ ٹراما سینٹر ریفر کردیا گیا۔
پولیس کے مطابق جاں بحق افراد کی لاشیں قانونی کارروائی اور پوسٹ مارٹم کے بعد ورثا کے حوالے کردی گئی ہیں۔ جاں بحق ہونے والوں میں عبیداللہ ولد محمد نبی، خیال محمد ولد گل محمد، خیال زادہ ولد شیر عالم خان اور زاہد علی ولد وزیر زادہ شامل ہیں، جبکہ زخمیوں میں گل زمان ولد محمد زیب، عاقل زادہ ولد امیر زادہ، سعیداللہ ولد فقیر جان، نور بچہ ولد شیر زمان اور نور عالم ولد آدم خان شامل ہیں۔ ابتدائی معلومات کے مطابق تمام جاں بحق اور زخمیوں کا تعلق خیبرپختونخوا کے ضلع سوات سے بتایا جاتا ہے ۔اطلاع ملنے پر محکمہ معدنیات اور لیویز کے اعلیٰ حکام بھی موقع پر پہنچ گئے اور واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ کان میں حفاظتی انتظامات کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے ۔صوبائی وزیر خوراک حاجی نورمحمد خان دمڑ نے دھماکے کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments