بلوچستان :دہشت گردی ، 5کوئلہ کانوں کی مشینری نذرآتش

بلوچستان :دہشت گردی ، 5کوئلہ کانوں کی مشینری نذرآتش

ہرنائی میں نامعلوم افراد کا حملہ، 3 انجن، 2 کمپریسر سمیت دیگر مشینری جلا دی

کوئٹہ (سٹاف رپورٹر) بلوچستان کے مختلف علاقوں میں دہشت گردی اور تخریب کاری کے واقعات میں ہرنائی میں نامعلوم مسلح افراد نے 5 کوئلہ کانوں پر حملہ کرکے وہاں نصب مشینری کو آگ لگا دی جبکہ ڈھاڈر میں 132 کے وی ٹرانسمیشن لائن کا مین ٹاور دھماکا خیز مواد سے اڑا دیا گیا۔ خاران میں مسافر گاڑی پر آئی ای ڈی حملے میں ایک مزدور زخمی ہوگیا جبکہ دیگر 9 مزدوروں کو بھی چوٹیں آئیں۔پولیس ذرائع کے مطابق گزشتہ شب ہرنائی کے طالب لیز کوئلہ مائنز ایریا میں نامعلوم مسلح افراد نے 5 کوئلہ کانوں پر حملہ کیا۔ ملزمان نے کانوں میں نصب مشینری کو آگ لگا دی اور فرار ہوگئے ۔ حملے میں 3 انجن، 2 کمپریسر سمیت دیگر قیمتی مشینری جل گئی۔ بتایا جاتا ہے کہ ٹھیکیدار عبدالخالق، حضرت، محمد نبی، شیخ محمد اور نجیب کی کوئلہ کانوں کی مشینری کو نشانہ بنایا گیا۔ پولیس نے واقعے کی مزید کارروائی شروع کردی ہے۔

دریں اثنا ڈھاڈر گرڈ  سٹیشن کی 132 کے وی ٹرانسمیشن لائن کا مین ٹاور نامعلوم ملزمان نے دھماکا خیز مواد سے اڑا دیا۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ شب نامعلوم افراد نے تخریب کاری کی غرض سے براہم باران کے مقام پر ٹرانسمیشن لائن کے ٹاور کو دھماکے سے تباہ کردیا، جس کے باعث ڈھاڈر سمیت ملحقہ علاقوں کو بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔ واقعے کے بعد متعلقہ اداروں نے بجلی کی بحالی اور نقصان کا جائزہ لینے کے لیے کارروائی شروع کردی۔علاوہ ازیں خاران کے لجے روڈ پر فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں نے مسافر گاڑی کو آئی ای ڈی حملے کا نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں ایک مزدور زخمی ہوگیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق گاڑی میں سوار دیگر 9 مزدوروں کو بھی چوٹیں آئیں۔ سکیورٹی فورسز نے اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچ کر متاثرہ مزدوروں کو طبی امداد فراہم کی اور انہیں مرکز صحت منتقل کردیا۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...