کوہاٹ حملے کا نامعلوم دہشت گردوں کیخلاف مقدمہ درج
ایف آئی آر میں دہشتگردی سمیت دیگر دفعات شامل، بارودی گاڑی کے استعمال کاانکشاف دھماکے میں ایک باپ اپنے دو کمسن بیٹوں سمیت شہید ہو گیا،شہید مسجد کی تعمیرنو کا آغاز
کوہاٹ (این این آئی)کوہاٹ کی پرانی پولیس لائنز میں مسجد پر خودکش حملے اور اس کے بعد دہشت گردوں کی فائرنگ کے واقعے کا مقدمہ محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) تھانے میں نامعلوم دہشت گردوں کے خلاف درج کرلیا گیا ہے ۔پولیس ذرائع کے مطابق مقدمہ ایس ایچ او تھانہ سٹی کوہاٹ کی مدعیت میں درج کیا گیا جس میں دہشت گردی، قتل، اقدامِ قتل اور دیگر متعلقہ دفعات شامل کی گئی ہیں۔ دریں اثناء باخبر پولیس ذرائع کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ خودکش حملے کیلئے مبینہ طور پر بارود سے بھری سیاہ موٹرکار استعمال کی گئی جسے دھماکے سے قبل پولیس لائنز سے ملحقہ مسجد کی بیرونی دیوار کے قریب کھڑا کیا گیا تھا۔
ذرائع کے مطابق مذکورہ گاڑی ممکنہ طور پر ہنگو کی جانب سے کوہاٹ میں داخل ہوئی ، گاڑی کے رجسٹریشن نمبر اور ملکیت سمیت دیگر تفصیلات کی تحقیقات جاری ہیں۔ دوسری طرف دھماکے میں ایک باپ اپنے دو کمسن بیٹوں سمیت شہید ہوگیا۔ اس المناک سانحے نے ایک ہنستے بستے خاندان کو اجاڑ کر رکھ دیا۔ ایک ماں سے اس کا شوہر اور اس کے دو معصوم بچے ہمیشہ کے لیے جدا ہوگئے ۔علاوہ ازیں کوہاٹ پولیس لائنز خودکش دھماکے میں شہید ہونے والی مسجد کی تعمیرِ نو کا آغاز ہوگیا ہے ۔پولیس لائن مسجد کی تعمیر نو کا کام مقامی لوگ اپنی مدد آپ کے تحت کر رہے ہیں۔خودکش دھماکے سے متاثر ہونے والے قریبی ہوٹلز، بینک، پٹرول پمپ اور دیگر عمارتوں کی تعمیر نو کا عمل بھی شروع ہوا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments