اے ڈی بی منصوبوں میں بے ضابطگیاں،تحقیقات کادائرہ وسیع
3 تعمیراتی اداروں کے مالکان مالی ریکارڈ سمیت کل نیب پشاور دفترمیں طلب
کوہاٹ (این این آئی)قومی احتساب بیورو (نیب)خیبر پختونخوا نے ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) کے مالی تعاون سے جاری سٹیزن امپرومنٹ پراجیکٹ کے تقریباً 97 ارب روپے مالیت کے منصوبوں میں مبینہ مالی بے ضابطگیوں کی تحقیقات کا دائرہ وسیع کردیا۔ نیب نے تین تعمیراتی اداروں کے مالکان کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 22 ستمبر کو زونل دفتر پشاور میں انکوائری افسر کے روبرو پیش ہونے اور مطلوبہ ریکارڈ لانے کی ہدایت کی ہے ۔نیب کے نوٹس کے مطابق قومی احتساب آرڈیننس (NAO) کے سیکشن 18(b) کے تحت معاملے کا نوٹس لیا گیا۔ منصوبوں میں مبینہ بے ضابطگیوں اور قواعد کی خلاف ورزیوں کی چھان بین جاری ہے ۔ مالکان کو بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات، ادائیگیوں کا ریکارڈ، دیگر مالی دستاویزات ساتھ لانے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ذرائع کے مطابق چند ماہ قبل منصوبوں کی الاٹمنٹ اور پروکیورمنٹ کے عمل میں مبینہ طور پر 32 ارب روپے تک کی بے ضابطگیوں کے الزامات سامنے آئے تھے جس کے بعد نیب نے انکوائری شروع کی۔ پشاور، کوہاٹ، مردان، ایبٹ آباد اور مینگورہ میں شہری سہولیات کی بہتری کے منصوبوں میں معاملات، خریداری اور ٹھیکوں کے اجرا سے متعلق مبینہ بے ضابطگیوں کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔ بینک کھاتوں، ادائیگیوں، ٹھیکوں اور پروکیورمنٹ ریکارڈ کا جائزہ جاری ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments