افغانستان سے ملحقہ سرحدی علاقوں میں دہشتگردوں کے ٹھکانوں پر فضائی حملے،28ہلاک

افغانستان سے ملحقہ سرحدی علاقوں میں دہشتگردوں کے ٹھکانوں پر فضائی حملے،28ہلاک

دہشتگردی کا خطرہ افغانستان سے جنم لے رہا ،فوج نے ٹھکانوں کو انتہائی درستی سے نشانہ بنایا، خودکش بمباروں کا تربیتی مرکز ،اسلحہ ،گولہ بارود تباہ کردیا:وزارت اطلاعات خیبرپختونخوا کے علاقوں کوہاٹ، ہنگو، ٹل میں زمینی کارروائی ،9خوارج مارے گئے ، بلوچستان میں آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت فتنہ الہندوستان کے 4 دہشت گرد ہلاک

اسلام آباد،کوئٹہ(خصوصی نیوز رپورٹر،دنیا نیوز)سکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے 3شہروں اور سرحدی علاقوں میں زمینی و فضائی کارروائی کرتے ہوئے 37 دہشت گرد ہلاک کر دئیے ۔وفاقی وزارت اطلاعات و نشریات کے مطابق پاکستان کے اندر، خصوصاً خیبر پختونخوا کے بیگناہ عوام کیخلاف ہونے والے متعدد دہشت گرد حملوں کے بعد سکیورٹی فورسز نے کوہاٹ، ہنگو اور ٹل کے علاقوں میں ایک منظم انٹیلی جنس بیسڈ زمینی آپریشن کیا، جس کے بعد دہشت گرد تنظیموں کے ٹھکانوں اور محفوظ پناہ گاہوں کے خلاف محدود اور ہدفی فضائی حملے کیے گئے ۔وزارتِ اطلاعات و نشریات کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں بتایا گیا کہ کوہاٹ، ہنگو اور ٹل میں 20ستمبر کو کی گئی زمینی کارروائی کے دوران  9خوارج مارے گئے ۔افغانستان سے ملحقہ سرحدی علاقے میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو بھی نشانہ بنایا گیا، فتنہ الخوارج اور اس سے وابستہ دہشت گردوں کے تین ٹھکانے تباہ کیے گئے ۔وزارت اطلاعات کے مطابق خودکش بمباروں کا تربیتی مرکز بھی کارروائی میں تباہ کیا گیا، اس آپریشن میں متعدد خودکش بمباروں سمیت 28 دہشت گرد مارے گئے ، دہشت گردوں کے ٹھکانوں میں ذخیرہ اسلحہ اور گولہ بارود بھی تباہ کر دیا گیا۔بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کو درپیش دہشت گردی کا خطرہ افغانستان سے جنم لے رہا ہے ، پاکستان میں شہریوں کا تحفظ اور سلامتی اولین ترجیح ہے ، دہشت گردوں کے مراکز کو انتہائی درستی سے نشانہ بنایا گیا۔وزارتِ اطلاعات کے مطابق کارروائی کے دوران کسی قسم کے جانی و مالی نقصان سے بچنے کیلئے زیادہ سے زیادہ احتیاط کی گئی، عزمِ استحکام کے تحت انسدادِ دہشت گردی مہم غضب للحق پوری رفتار سے جاری رہے گی، غیرملکی سرپرستی اور حمایت یافتہ دہشت گردی کا ملک سے مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق بلوچستان میں آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت پنجگور کے علاقے اپھان کوہ، پروم میں فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 4 دہشت گرد ہلاک کر د ئیے گئے ۔ کارروائی کے دوران فورسز اور علاقے میں موجود دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا،ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے بڑی مقدار میں جدید اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں بدستور جاری ہیں اور علاقے میں کلیئرنس آپریشن بھی کیا جا رہا ہے ۔ 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...