تشدد،انتشار کا راستہ اپنانے والے ملکی ترقی و خوشحالی کے دشمن:مریم نواز

 تشدد،انتشار کا راستہ اپنانے والے ملکی ترقی و خوشحالی کے دشمن:مریم نواز

سرحدوں کی حفاظت پر مامور افواج کے جذبے کو سلام ،دہشتگرد ہلاک کرنے پر فورسز کو خراج تحسین خدا کرے پاکستان سمیت دنیا بھر میں ہر سو، ہردم امن و خوشحالی ہو،وزیراعلیٰ کا عالمی یوم امن پرپیغام

لاہور(سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب  مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ تشدد اور انتشار کا راستہ اپنانے والے پاک سرزمین کی ترقی اور خوشحالی کے دشمن ہیں۔ امن کے عالمی دن کے حوالے سے اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے قیام امن کے لئے سرحدوں کی حفاظت پر مامور افواج پاکستان کے افسروں اور اہلکاروں کے جذبے اور قربانیوں کو سلام پیش کیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے صوبہ بھر میں امن وامان کے لئے ہمہ وقت سرگرم عمل پولیس اور دیگر سکیورٹی فورسز کے جوانوں کو بھی سراہا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اپنے بیان میں امن کی خاطر جان قربان کرنے والے شہدا کو خراج عقیدت اور غازیوں کو سلام عقیدت پیش کیا۔ عالمی یوم امن پراپنے پیغام میں وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے مزید کہا کہ پاکستان کی تعمیر و ترقی کیلئے پائیدار امن ناگزیر ہے ۔امن ترقی اور خوشحالی کی بنیادی ضرورت ہے ۔ تشدد اور انتشار کا راستہ اپنانے والے پاک سرزمین کی ترقی و خوشحالی کے دشمن ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ امن صرف جنگ کے ختم ہونے کا نام نہیں، یہ انصاف، محبت و احترام کیساتھ جینے کا دوسرا نام ہے ۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اللہ تعالیٰ کے حضوردعا کی کہ خدا کرے پاکستان سمیت دنیا بھر میں ہر سو، ہردم امن و خوشحالی ہو۔دریں اثنا وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ہنگو اور دیگر علاقوں میں دہشت گرد ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا، وزیراعلیٰ نے دہشت گردوں کے خلاف کارروائیو ں میں جام شہادت نوش کرنے والے کیپٹن ابوذر فاروق، لیفٹیننٹ شیراز بابر اور4 جوانوں کو خراج عقیدت بھی پیش کیا۔ مریم نواز نے شہدا کے اہل خانہ سے اظہار ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ شہید افسران اور جوانوں نے دفاع وطن کیلئے بے مثال جرات و شجاعت کا مظاہرہ کیا۔ علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ پنجاب نے مسجد الحرام کے مؤذن شیخ ابراہیم المدنی کے انتقال پر دلی افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ وزیراعلیٰ نے اہل مکہ اور دیگر سوگوار خاندان سے اظہارِ ہمدردی کیا اور تعزیت بھی کی۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے متحدہ عرب امارات کے نائب صدر و وزیراعظم شیخ محمد بن راشد المکتوم کے بھائی شیخ احمد بن راشد المکتوم کے انتقال پر اظہارِ افسوس کیا اور آل مکتوم خاندان اور متحدہ عرب امارات کے عوام سے اظہارِ ہمدردی کیا اور دلی تعزیت بھی کی ہے ۔ 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...