’’لانگ مارچ ملتوی کردیں‘‘شہباز شریف کا حافظ نعیم الرحمٰن کو فون

’’لانگ مارچ ملتوی کردیں‘‘شہباز شریف کا حافظ نعیم الرحمٰن کو فون

پاکستان واپسی پر لیوی پرنتیجہ خیز گفتگو کیلئے تیار ہیں:وزیر اعظم،تصادم نہیں چاہتے ، حکومت کو حق دینا ہوگا:امیر جماعت اسلام آباد کنٹینرز سے بند کرکے معیشت کو نقصان پہنچایا جا رہا ہے ، کنٹینر نہ لگاؤ، عوام کو ریلیف دو، شاہراہیں کھولو،خطاب

 سکھر ،لاہور (این این آئی ،مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم شہبازشریف نے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کو فون کرتے ہوئے لانگ مارچ ملتوی کرنے کی درخواست کر دی،ترجمان جماعت اسلامی کے مطابق حافظ نعیم الرحمن کو وزیراعظم کا فون ملتان پہنچنے پر آیا، ترجمان کے مطابق وزیراعظم نے کہا پاکستان واپسی پر جماعت اسلامی کے ساتھ پٹرولیم لیوی پرنتیجہ خیز گفتگو کیلئے تیار ہیں،حافظ نعیم الرحمن نے وزیراعظم کو بتایا ہم کسی قسم کا امن وامان کا مسئلہ یاحکومت سے تصادم نہیں چاہتے ، ہم عوام کے حق کیلئے نکلے ہیں اور حکومت کو یہ حق دینا ہوگا،ترجمان جماعت اسلامی نے کہا ہے کہ وزیراعظم کے احتجاج مؤخرکرنے کی درخواست پرشوریٰ سے مشورے بعد ردعمل دیں گے ،حکومت کی درخواست پر ہم مارچ مؤخر بھی کر دیں تو احتجاج کے حق سے دستبردار نہیں ہوں گے ،دریں اثنا ٹرین مارچ کے دوران سکھر پہنچنے پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ عوام سے بھاری ٹیکس وصول کرکے حکومت اپنی کرپشن، نااہلی اور شاہانہ اخراجات کا بوجھ غریبوں پر منتقل کررہی ہے ، پٹرولیم لیوی فوری طور پر ختم کی جائے ،ایک لٹر پٹرول پر 135 روپے ٹیکس وصول کرنا کسی صورت قابل قبول نہیں ، اسلام آباد مارچ میں ملک کے چاروں اطراف سے عوام شریک ہوں گے ،حکومت راستے بند کرکے لوگوں کو نہیں روک سکتی، اسلام آباد کو کنٹینرز سے بند کرکے حکومت عوام اور معیشت دونوں کو نقصان پہنچا رہی ہے ۔ انہوں نے حکومت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کنٹینر نہ لگاؤ، عوام کو ریلیف دو، شاہراہیں کھولو، عالمی منڈی میں پٹرول کی قیمتیں بڑھتی ہیں تو اس کا اثر پوری دنیا پر پڑتا ہے مگر پاکستان میں حکومت اضافی ٹیکسوں کے ذریعے سارا بوجھ عوام پر ڈال دیتی ہے ۔نعیم الرحمن نے پیپلز پارٹی کے رویے پر بھی اعتراض کیا اور کہا کہ وہ وفاقی حکومت کے خلاف جماعت اسلامی کی تحریک کی حمایت کا دعویٰ کرتی ہے لیکن سکھر اور روہڑی میں استقبال کے لیے آنے والے قافلوں کو پلیٹ فارم تک جانے کی اجازت نہیں دی گئی ، پیپلز پارٹی رکاوٹیں ڈالنے کے بجائے ٹرین مارچ کو سہولت فراہم کرے ، ادھرنائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پٹرولیم لیوی کے خاتمے اور عوام کو معاشی ریلیف دلانے کے لیے جاری پرامن احتجاج اسلام آباد سپر لانگ مارچ کی صورت میں اگلے مرحلے میں داخل ہوگیا ، حکومت کی جانب سے ٹھوس اقدامات سامنے آنے تک احتجاج ختم نہیں کیا جائے گا۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...