سندھ میں سزا کا تصور ہی نہیں، قتل کی ایف آئی آرمیں تاخیر ناقابل قبول:سپریم کورٹ

سندھ میں سزا کا تصور ہی نہیں، قتل کی ایف آئی آرمیں تاخیر ناقابل قبول:سپریم کورٹ

بس بہت ہو گیا، وڈیرے کی اجازت کا سلسلہ بند، فوری FIRدرج کی جائے :جسٹس صلاح الدین، سفارشات طلب بیرون ملک بھجوانے کیلئے کروڑوں کے فراڈ، رشوت کے الزام پر پشاور سے گرفتار ڈائریکٹر امیگریشن و ڈرائیور کی ضمانت

اسلام آباد (کورٹ رپورٹر)سپریم کورٹ نے سندھ میں قتل کے مقدمات کی ایف آئی آر کے اندراج میں تاخیر پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے آئی جی اور پراسیکیوٹر جنرل سندھ سے ایک ہفتے میں تحریری سفارشات طلب کر لیں۔ جسٹس ہاشم کاکڑ نے ریمارکسدیئے کہ دو تین دن تاخیر سے ایف آئی آر درج ہو گی تو ملزمان کی بریت ہو گی، سندھ میں سزا کا تصور ہی نہیں، قتل کیسز کی ایف آئی آر میں تاخیر ناقابل قبول ہے ۔ جسٹس صلاح الدین پہنور نے کہا گھناؤنے جرائم میں فوری ایف آئی آر درج کی جائے ، ایف آئی آر کے اندراج کیلئے اجازت لینے کا سلسلہ بند کیا جائے ، ملزم بااثر ہو تو روزنامچہ بند ہوجاتا ہے ، صاحب بہادر بیٹھے ہیں فریادی وہی کہے گا جو آپ کہیں گے ، قتل کیس میں وڈیرے کی اجازت کا انتظار ہوتا ہے ، بہت ہوگیا، اس پالیسی کو چھوڑیں، گھناؤنے جرائم میں فوری ایف آئی آر درج کریں۔ پولیس کو ایف آئی آر کے اندراج میں تاخیر کی اجازت نہیں ہونی چاہیے ۔ جسٹس ہاشم کاکڑ نے واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایف آئی آر درج کرنے کا ایس او پی جاری کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے ایف آئی آر میں تاخیر پر ایس ایچ او اور ڈی ایس پی کے خلاف محکمانہ کارروائی کی تجویز دی۔ عدالت نے تاخیر سے ایف آئی آر کے معاملے پر آئی جی سندھ سے واضح اور دوٹوک پالیسی طلب کرلی۔ جسٹس صلاح الدین پہنور نے آئی جی سندھ سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا اگر ہاتھ بندھے ہیں تو ہم انہیں کھولنا چاہتے ہیں۔ مزید سماعت 6 اکتوبر تک ملتوی کر دی گئی۔ ادھر سپریم کورٹ نے شہریوں کو بیرون ملک بھجوانے کا جھانسہ دے کر کروڑوں روپے فراڈ کرنے کے الزام میں گرفتار ملزم محمد جہانزیب کی ضمانت منظور کرلی۔ مزید برآں سپریم کورٹ نے پشاور سے رشوت لینے کے الزام میں گرفتار ڈائریکٹر امیگریشن فرخ جمال صدیقی اور ان کے ڈرائیور محمد حکیم کی ضمانت منظور کرلی۔ 

 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...