افغان طالبان کے زیر کنٹرول علاقوں پر فضائی حملے، خوارج، فتنہ الہندوستان کے کیمپ تباہ، 22 دہشتگرد ہلاک
غضب للحق کے تحت کنڑ ،ہلمند میں ڈرونز ،طیاروں کی مدد سے دہشتگردوں کی پناہ گاہوں کو انتہائی درستی کیساتھ نشانہ بنایا ، اسلحہ و گولہ بارود تباہ افغانستان بدستور دہشتگردی کا مرکز، ہدف صرف وہی ٹھکانے تھے ،انسداد دہشت گردی مہم کو پوری رفتار سے جاری رکھیں گے :وزارت اطلاعات
اسلام آباد(دنیا نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک)وزارت اطلاعات و نشریات نے افغان طالبان کے زیرکنٹرول علاقوں میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر کامیاب فضائی اور ڈرون حملوں کی ویڈیو کلپس جاری کردئیے ۔وزارت اطلاعات کے مطابق آپریشن غضب للحق کے تسلسل اور دہشت گردوں، ان کے نیٹ ورکس اور سہولت کاروں کے مکمل خاتمے کے پاکستان کے غیرمتزلزل عزم کے تحت درست نشانے کے ساتھ کئے گئے حملوں میں دو مختلف مقامات کنڑ اور ہلمند میں فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے کیمپ مکمل طور پر تباہ کردئیے گئے۔
وزارت اطلاعات و نشریات کا کہنا ہے کہ ڈرونز اور طیاروں کی مدد سے دہشت گردوں کی پناہ گاہوں کو انتہائی درستی کے ساتھ نشانہ بنایا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ دہشت گردوں کے ٹھکانوں اور کیمپوں میں ذخیرہ کیا گیا بھاری اسلحہ اور گولہ بارود بھی تباہ کر دیا گیا۔وزارت اطلاعات کے مطابق کیمپوں اور پناہ گاہوں پر کی گئی ٹارگٹڈ اور جامع فضائی کارروائی کے نتیجے میں دہشت گردوں کا نیٹ ورک تباہ کردیا گیا۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق 22 دہشت گرد ہلاک ہوئے ۔بیان میں مزید کہا گیا کہ پاکستان نے ہمیشہ خطے میں امن اور استحکام کے فروغ کیلئے بھرپور کوششیں کی ہیں، تاہم اپنے شہریوں کی جان و مال کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے۔
یہ نہایت تشویش کا باعث ہے کہ افغانستان بدستور دہشت گردی کا مرکز بنا ہوا ہے ، اور پاکستان کو درپیش دہشت گردی کا خطرہ افغانستان ہی سے جنم لیتا ہے۔ اسی تناظر میں ہماری کارروائیوں کا ہدف صرف دہشت گردوں کے ٹھکانے تھے۔ کارروائی کے دوران انتہائی احتیاط برتی گئی اور اس بات کو یقینی بنایا گیا کہ کسی قسم کا ضمنی نقصان نہ ہو۔پاکستان کی سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ’’عزمِ استحکام‘‘ کے وژن کے تحت جاری اپنی مسلسل انسدادِ دہشت گردی مہم غضب للحق کو پوری رفتار سے جاری رکھیں گے ، تاکہ بیرونی سرپرستی اور حمایت سے پروان چڑھنے والی دہشت گردی کے ناسور کا ملک سے مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments