گورنر راج یا ایمرجنسی پر ایمل ولی اور عابد شیر میں لفظی جنگ
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)خیبر پختونخوا میں گورنر راج یا ایمرجنسی کے نفاذ اور سیاسی مداخلت کے معاملے پر عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر ایمل ولی خان اور مسلم لیگ(ن)کے رہنما عابد شیر علی کے درمیان سوشل میڈیا پر سخت جملوں کا تبادلہ ہوا ہے۔
اے این پی کے سربراہ ایمل ولی خان نے ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ خیبرپختونخوا میں گورنر راج یا ایمرجنسی کا نفاذ مکمل طور پر غیر جمہوری عمل ہوگا ،اے این پی کسی صورت حمایت نہیں کرے گی۔انہوں نے کہا کہ پنجاب سے تعلق رکھنے والی فارم 47 کی پارٹی کو پختونخوا کے امور میں مداخلت کا کوئی حق نہیں ہے ، ہم اقتدار میں آئے بغیر بھی حق سچ بولتے رہیں گے اور جو لوگ عوامی ردِعمل کے بعد بھی اقتدار سے چمٹے ہوئے ہیں انہیں کچھ شرم ہونی چاہیے ۔ایمل ولی کے اس جارحانہ بیان پر شدید ردِعمل دیتے ہوئے مسلم لیگ(ن )کے سینیٹر عابد شیر علی نے لکھا اس معاملے پر فیصلہ ابھی زیر التوا ہے، ویسے آپ سے مشورہ مانگا کس نے ہے ؟ آپ کی محض ایک نشست والی پارٹی ہے اور وہ ایک سیٹ بھی پیپلز پارٹی کی مرہونِ منت اور خیرات ہے ۔ عابد شیر علی کے اس طنز پر ایمل ولی خان نے ترکی بہ ترکی جواب دیتے ہوئے ایک بار پھر ن لیگ کی حکومتی حیثیت کو چیلنج کیا اور کہا ہماری جدوجہد آئین، سکیورٹی اور وفاق کے لیے ہے اور ہماری نظریاتی سیاست فروخت کے لیے نہیں ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments