علاقائی عالمی امن و استحکام کیلئے کوششیں جاری رکھیں گے :صدر
پولش وزیر کی ملاقات، سیاسی، اقتصادی، دفاعی اور عوامی روابط مزید بڑھانے پر اتفاق دو طرفہ تعلقات کو کثیرالجہتی شراکت داری میں تبدیل کرنے کی ضرورت ، زرداری
اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں )صدر مملکت آصف علی زرداری نے پاکستان اور پولینڈ کے درمیان موجود دوستانہ اور باہمی احترام پر مبنی تعلقات کو مزید مستحکم کرتے ہوئے دوطرفہ تعاون کو کثیرالجہتی شراکت داری میں تبدیل کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے ، انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ریاست کی حیثیت سے علاقائی اور عالمی امن و استحکام کے لئے تنازعات کو مذاکرات کے ذریعے حل کی مخلصانہ کوششیں جاری رکھے گا۔صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار ایوان صدر میں پولینڈ کے وزیر، کونسل آف منسٹرز کے رکن اور خصوصی خدمات کے کوآرڈی نیٹر توماش سے ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے باہمی تعلقات، سیاسی و اقتصادی تعاون، دفاعی روابط، سکیورٹی امور اور علاقائی و عالمی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں سیاسی، اقتصادی، دفاعی اور عوامی روابط مزید بڑھانے پر اتفاق کیا گیا ،اس موقع پر توماش سیئمونیئک نے علاقائی امن و استحکام کے فروغ میں پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پولینڈ پاکستان کے ساتھ بالخصوص سیاسی، اقتصادی اور عوامی سطح پر روابط بڑھانے کا خواہاں ہے ۔ انہوں نے صدر مملکت کے لیے پولینڈ کے صدر اور وزیراعظم کی جانب سے نیک خواہشات بھی پہنچائیں ۔ صدر مملکت نے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون کو کثیرالجہتی شراکت داری میں تبدیل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments