بلوچستان کے ضلع کیچ میں بڑی کارروائی،3825 کلومنشیات پکڑی گئی

 بلوچستان کے ضلع کیچ میں بڑی کارروائی،3825 کلومنشیات پکڑی گئی

افغانستان میں سرگرم بین الاقوامی منشیات سمگلنگ نیٹ ورکس ملوث،اے این ایف

لاہور(کرائم رپورٹر) اینٹی نارکوٹکس فورس نے بلوچستان کے ضلع کیچ کے علاقے جُوسک میں بڑی اور کامیاب کارروائی کرتے ہوئے 3825 کلوگرام منشیات برآمد کر لی۔مذکورہ مقام پر موجود کمپاؤنڈ کو مبینہ طور پر منشیات کی سپلائی کی غرض سے عارضی طور پر ذخیرہ کرنے کے لئے استعمال کیا جا رہا تھا۔منشیات میں 2454 کلوگرام چرس، 1363 کلوگرام میتھ ایمفیٹامائن (آئس)اور 8 کلوگرام ہیروئن شامل ہے ،جس کی مجموعی مالیت 56کروڑ روپے سے زائد بنتی ہے ۔ابتدائی تحقیقات کے مطابق منشیات افغانستان سے پاکستان اسمگل کی گئی تھی جو محفوظ اشارہ ملنے پر سمندری راستے سے بیرون ملک اسمگل کی جانی تھی۔اس سے منسلک سمگلنگ نیٹ ورک اورسہولت کاروں کے خلاف گھیرا تنگ کر دیا گیا ہے اور گرفتاریوں کیلئے کارروائیاں جاری ہیں۔

حالیہ کارروائی اس حقیقت کو اُجاگر کرتی ہے کہ افغانستان میں سرگرم بین الاقوامی منشیات اسمگلنگ نیٹ ورکس مخصوص جغرافیائی محل وقوع کی وجہ سے پاکستان کی سرزمین اور سمندری راستوں کو دیگر ممالک تک منشیات پہنچانے کے لیے بطور راہداری استعمال کرنے کی مسلسل کوشش کر رہے ہیں۔ ایک ماہ قبل اے این ایف کی مؤثر انٹیلی جنس اور بروقت معلومات کے تبادلے کے نتیجے میں دوست ممالک کے قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کولمبوپورٹ(سری لنکا)پر کنٹینر سے 463کلوگرام میتھ ایمفیٹامائن (آئس)برآمد کی تھی۔ اس نیٹ ورک کے افغان سرغنہ کو اے این ایف نے گرفتار کیا جس کے نتیجے میں افغانستان سے فعال منظم منشیات نیٹ ورکس کے علاقائی اور بین الاقوامی روابط مزید نمایاں ہوئے ۔ 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...