حمزہ شہباز سے چینی سفیر کی ملاقات، روابط بڑھانے پر اتفاق
سابق وزیراعلیٰ کا ون چائنا پالیسی کیلئے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ RCCI وفد بھی ملا ،راوت انڈسٹریل سٹیٹ انفراسٹرکچر دیگر اقدامات پر گفتگو
اسلام آباد(نیوز ایجنسیاں)پنجاب کے سابق وزیراعلیٰ اور رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز شریف سے عوامی جمہوریہ چین کے پاکستان میں سفیر جیانگ زی ڈونگ نے چینی سفارتخانے کے وفد کے ہمراہ وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی۔ملاقات میں پاکستان اور چین کے باہمی تعلقات، علاقائی صورتحال اور اقتصادی و تزویراتی تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا گیا۔حمزہ شہباز نے چین کے 77ویں قومی دن کے موقع پر مبارکباد پیش کی اور ون چائنا پالیسی کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا ۔دونوں جانب سے باہمی تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ، بالخصوص سی پیک کے تحت مزید تعاون بڑھانے پر بھی گفتگو کی گئی۔
دونوں جانب سے باہمی دلچسپی کے امور پر قریبی رابطہ برقرار رکھنے اور بات چیت کو آگے بڑھانے پر اتفاق کیا گیا ، دریں اثناء راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نومنتخب صدر نوشیروان خلیل خان کی قیادت میں وفد نے آر سی سی آئی کے پیٹرن اِن چیف و گروپ لیڈر سہیل الطاف کے ہمراہ حمزہ شہباز شریف سے ملاقات کی۔ وفد میں سابق صدر آر سی سی آئی و چیئرمین ریڈامکو زاہد لطیف خان، سابق صدر عثمان شوکت، سینئر نائب صدر وسیم اسلم اور نائب صدر اکرام الرحمٰن عباسی شامل تھے ۔ملاقات میں ملکی معاشی صورتحال، باہمی دلچسپی کے امور، راوت انڈسٹریل اسٹیٹ میں شہری سہولیات کی اپ گریڈیشن، سڑکوں اور رسائی کے مسائل سمیت کاروباری برادری کو ریلیف فراہم کرنے کے مختلف اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔نوشیروان خلیل خان نے حمزہ شہباز کو آر سی سی آئی چیمبر ہاؤس کے دورے کی دعوت دی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments