مشاورت کے بعد کل دوبارہ لانگ مارچ کا اعلان، فیصلہ سڑکوں پر ہوگا : حافظ نعیم

مشاورت کے بعد کل دوبارہ لانگ مارچ کا اعلان، فیصلہ سڑکوں پر ہوگا : حافظ نعیم

وزیراعظم پر واضح کردینا چاہتے ہیں، اگر لیوی ختم نہیں ہوتی تو ہمیں ان سے ملاقات کا کوئی شوق نہیں :امیرجماعت اسلامی بلاول ڈھٹائی سے کہتے ،کراچی میں پی پی کا مینڈیٹ ہے ، پیپلز پارٹی سے سندھ کے عوام نفرت کرتے ہیں:پریس کانفرنس

لاہور(سٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ 12 اکتوبر کو مشاورت کے بعد اسلام آباد لانگ مارچ کی تاریخ کا اعلان کردیں گے ، فیصلہ سڑکوں پر ہوگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ نائب امیر لیاقت بلوچ ، قائم مقام سیکرٹری جنرل نذیراحمد جنجوعہ ، ڈپٹی سیکرٹری شیخ عثمان فاروق، امیر پنجاب وسطی جاوید قصوری، اسلامک لائرز موومنٹ کے صدر اسد منظور بٹ اور سیکرٹری اطلاعات شکیل احمد ترابی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ لیوی کے خلاف بیالیس دن دھرنے دئیے ، ملک گیر جلسے اور دستخطی مہم جاری ہے ، کل اوکاڑہ میں جلسہ ہوگا ، وزرا لیوی ختم نہ کرنے کے بارے میں بیانات دے رہے ہیں، وزیراعظم پر واضح کردینا چاہتے ہیں کہ اگر لیوی ختم نہیں ہوتی تو ہمیں ان سے ملاقات کا کوئی شوق نہیں ہے۔

حکمران ہمیں کہتے ہیں کہ آئی ایم ایف کا دباؤ ہے ، جب یہ خود عیاشیاں کرتے ہیں تو آئی ایم ایف کا دباؤ نہیں ہوتا؟ وزیراعلیٰ پنجاب نے گیارہ ارب کا جہاز خرید لیا اور کہا جاتا ہے کہ جہاز خرید لیا تو کیا ہوا؟ ان کے رویوں کو دیکھیں، یہ فارم سینتالیس کے حکمران من مانیاں کررہے ہیں ، بلاول ڈھٹائی سے کہتے ہیں کہ کراچی میں پیپلز پارٹی کا مینڈیٹ ہے ، پی پی سے کراچی سمیت پورے سندھ کے عوام نفرت کرتے ہیں، پی پی کراچی سے تمام سیٹیں ہار گئی تھی، بلدیاتی انتخاب میں بھی اسے شکست ہوئی ، انہوں نے اسٹیبلشمنٹ کی مدد سے میئرکراچی کی سیٹ پر قبضہ کرلیا۔ مریم نواز نے گیارہ ہزار سکولوں کو فروخت کردیا ، پچیس ہزار برائے فروخت ہیں۔

پنجاب کی زراعت تباہ کردی گئی ، ڈی اے پی کھاد کی قیمت میں فی بوری تین ہزار روپے کا اضافہ ہوگیا، آٹا پنجاب میں چھ ہزار روپے من سے اوپر فروخت ہورہا ہے ، گندم پانچ ہزار فی من سے اوپر چلی گئی، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں ساٹھ فیصد تک کرپشن ہورہی ہے ، بلاول کہہ رہے ہیں پروگرام کو مزید وسیع کریں گے ، یہ قوم کو بھکاری بنانا چاہتے ہیں، سعودی عرب نے ایشیائی ممالک کے لیے تیل کی فی بیرل قیمت میں پانچ ڈالر کمی کا اعلان کیا ہے ، حکمران اس سے فائدہ اٹھائیں۔ کارکن تیاری کریں ، حکومت لوگوں کو ریلیف نہیں دیتی تو اسلام آباد جائیں گے ۔ صحافیوں کے سوالات کے جواب میں امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ مکہ دفاعی معاہدہ میں ایران کو شامل کیا جائے ۔ اس معاہدہ کو کسی اسلامی ریاست کے خلاف استعمال نہیں ہونا چاہیے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...