پولیس گواہ پیش نہیں کرتی اورالزام عدلیہ پر آتاہے :چیف جسٹس

پولیس گواہ پیش نہیں کرتی اورالزام عدلیہ پر آتاہے :چیف جسٹس

6،6 سال گواہ نہیں بلائے جاتے ،جرمانوں کے باوجودپولیس ٹھیک نہیں ہوتی جعلی چیک کیس پر سماعت کے دوران جسٹس عالیہ نیلم برہم ، سی پی او ملتان آج طلب

لاہور (کورٹ رپورٹر)چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عالیہ نیلم نے جعلی چیک کے مقدمے میں نامزد ملزم کی ایف آئی آر خارج کرنے کی درخواست پر سماعت کے دوران پولیس کی کارکردگی پر سخت برہمی کا اظہار کیا ہے ۔چیف جسٹس نے اپنے ریمارکس میں قرار دیاکہ پولیس 6،6 سال تک گواہ پیش نہیں کرتی لیکن پھر کہا جاتا ہے کہ عدلیہ خراب ہے ،عدالتیں پولیس کو جرمانے کرتی ہیں لیکن ٹھیک پھر نہیں ہوتے ۔ عدالت نے سی پی او ملتان اور ڈی پی او مظفر گڑھ کو آج منگل کو مکمل ریکارڈ سمیت طلب کر لیا۔چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عالیہ نیلم نے جعلی چیک کے مقدمے میں نامزد ملزم غلام دستگیر کی ایف آئی آر کے اخراج کیلئے دائر درخواست پر سماعت کی۔ دوران سماعت چیف جسٹس نے ریمارکس میں کہا کہ پانچ سال پہلے مقدمہ درج ہوا، ملزم گرفتار ہوا نہ ہی اس نے تفتیش جوائن کی، اب پولیس والے صبح مدعی پر دبائو ڈال کر لے آئیں گے اور کیس واپس لے لیں گے ، مدعی پر دبائوپولیس والے ڈالیں لیکن عدلیہ خراب ہے ، پولیس افسروں کی تنخواہ بند کرتے ہیں لیکن تھوڑی سی تنخواہ بند ہونے سے انہیں کیا فرق پڑتا ہے ؟ پولیس عمل نہ کرے تو سینئر افسر کو بلانا پڑتا ہے لیکن عدلیہ خراب ہے ۔چیف جسٹس نے مزید کہا کہ پولیس کی جانب سے کمپیوٹر پر ایف آئی آر درج ہونے سے معاملات خراب ہو رہے ہیں، کمپیوٹر پر ایف آئی آر میں پولیس مرضی کی چیزیں ایف آئی آر میں ڈال دیتی ہے ، جس کیس میں مدعی درخواست واپس لے ، ایسے کیسز پولیس افسروں کو اچھے لگتے ہیں، عدالت سے نکل کر پھر مدعی کو ہراساں کرنا شروع کر دیا جاتا ہے ، غلام دستگیر پر 20 لاکھ روپے چیک ڈس آنر کا مقدمہ درج کیا گیا تھا، سال 2021 میں پولیس نے چالان جمع کروایا لیکن ملزم کو گرفتار نہیں کیا، ملزم نے ایف آئی آر کے اخراج کیلئے درخواست دائر کر رکھی ہے ۔عدالت نے سی پی او ملتان کو آج ریکارڈ سمیت طلب کر لیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...