ملک معاشی استحکام کی جانب تیزی سے گامزن:ہارون اختر
کاروباری آسانیوں اور ریگولیٹری اصلاحات پر خصوصی توجہ:مریم اورنگزیب
لاہور (اے پی پی)وزیراعظم کے مشیر برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں ملک معاشی استحکام کی جانب تیزی سے گامزن ہے ، سرمایہ کاری آسان بنانے کیلئے جامع اصلاحات پر عملدرآمد جاری ہے ۔ پنجاب کا دورہ اصلاحاتی عمل کا پہلا مرحلہ ہے ، دیگر صوبوں میں بھی متعلقہ امور کا جائزہ لیا جائے گا۔مریم اورنگزیب کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ہارون اختر نے کہا کہ صنعتی ترقی کے بغیر پائیدار معاشی پیش رفت اور روزگار کے مواقع پیدا کرنا ممکن نہیں۔ پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ قومی صنعتی پالیسی تشکیل دی گئی ہے ۔ کاروبار آسان بنانے اور غیر ضروری ضوابط کے خاتمے کیلئے اصلاحات جاری ہیں، جن کے تحت غیر ضروری لائسنس، اجازت ناموں، این او سیز اور فرسودہ قوانین میں موجود تکرار ختم کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ حکومت کا مقصد دہرے تقاضے ختم کرکے کاروباری برادری، چھوٹے تاجروں، دکانداروں اور صنعت کاروں کیلئے سہولت پیدا کرنا ہے ۔ گزشتہ ڈیڑھ سال سے کاروبار دوست اصلاحات پر توجہ دی جارہی ہے ، جبکہ الیکٹرک گاڑیوں کے فروغ اور چارجنگ انفراسٹرکچر میں توسیع کیلئے بھی اقدامات جاری ہیں۔سینئر صوبائی وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے کہا کہ پنجاب میں کاروباری آسانیوں، ریگولیٹری اصلاحات اور سرمایہ کاروں کو سہولتوں کی فراہمی پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے ۔ ون ونڈو ڈیجیٹل نظام کے ذریعے درخواستوں کی کارروائی آسان اور شفاف بنائی گئی ہے ۔ وزیراعلیٰ مریم نواز کی قیادت میں پنجاب ترقی کی راہ پر گامزن ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments