پاکستان، امریکا کا توانائی شعبے میں تعاون بڑھانے پر اتفاق
وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک سے امریکی ناظم الامور نیٹلی اے بیکر کی ملاقات بلاتعطل ایندھن فراہمی پر گفتگو،امریکی کمپنیوں کو منرلز انویسٹمنٹ فورم کی دعوت
اسلام آباد(نامہ نگار،مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان اور امریکا نے توانائی کے شعبے میں دوطرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق کرلیا۔وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک سے امریکی ناظم الامور نیٹلی اے بیکر نے ملاقات کی جس میں مشرق وسطیٰ کی صورتحال کے تناظر میں پاکستان کی توانائی سلامتی اور ایندھن کی بلاتعطل فراہمی کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر پٹرولیم نے امریکی ناظم الامور کو توانائی ضروریات کے تحفظ کے لیے پاکستان کے اقدامات سے آگاہ کیا۔انہوں نے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں جاری تنازع کے باعث ایندھن کی دستیابی کے حوالے سے چیلنجز پیدا ہوئے ، اس لئے بلاتعطل فراہمی برقرار رکھنے کے لیے پیشگی اقدامات کیے گئے ہیں۔امریکی ناظم الامور نے ایندھن کی فراہمی کی صورتحال موثر انداز میں سنبھالنے پر پاکستان کی تعریف کرتے ہوئے کہا امریکہ پاکستان کی توانائی ضروریات پوری کرنے کے لیے قریبی تعاون کا خواہاں ہے ، پاکستان میں امریکی کمپنیوں کے لیے کاروباری مواقع پیدا کرنا ضروری ہے ۔نیٹلی اے بیکر نے کہا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان طویل مدتی توانائی فراہمی کے معاہدے دونوں ممالک کے لیے مفید ثابت ہو سکتے ہیں۔پی ایس او اور پی ایل ایل کے ایم ڈیز نے امریکی کمپنیوں کی ایل این جی فراہمی میں دلچسپی سے متعلق اجلاس کو بریفنگ دی۔ علی پرویز ملک نے کہا کہ پاکستان اپنی توانائی ضروریات کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے ، پاکستان اور امریکا کی ٹیمیں توانائی کے شعبے میں تعاون کے نئے مواقع تلاش کر رہی ہیں، پاکستان کی ریفائنریوں کی اپ گریڈیشن کے منصوبے امریکی مالیاتی اداروں کے لیے سرمایہ کاری کے مواقع فراہم کر سکتے ہیں۔ علی پرویز ملک نے امریکی کمپنیوں کو پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم میں شرکت کی دعوت بھی دی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے معدنیاتی شعبے میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ امریکی تعاون اور دوطرفہ روابط کا فروغ پاکستان کی طویل مدتی توانائی سلامتی کو مضبوط بنانے میں معاون ہوگا۔اس موقع پر وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے توانائی کے شعبے میں امریکی تعاون پر اظہار تشکر بھی کیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments