ملزم سے ملتا جلتانام ہونے پر مقدمات کا معاملہ،آئی جی ،نادرا کو نوٹس
دوسرے شخص کے وارنٹ میں میرے موکل کاشف کا شناختی کارڈ نمبر ڈال دیا گیا،وکیل پولیس ریکارڈ کی تصحیح،شناختی کارڈ بحال،گرفتاری و ہراسانی سے تحفظ دیا جائے ،درخواستگزار
کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائیکورٹ نے شہری کے شناختی کارڈ کو مبینہ طور پر دوسرے شخص کے خلاف درج مقدمات کے پولیس ریکارڈ میں شامل کرنے کے معاملے پر آئی جی سندھ، نادرا اور دیگر متعلقہ حکام کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔ جسٹس محمد سلیم جیسَر اور جسٹس عبد الحمید بھُرگری پر مشتمل آئینی بینچ ون نے پولیس حکام کو ہدایت کی کہ درخواست گزار کاشف ولد محمد بچل کے شناختی کارڈ پر درج مقدمات کی تفصیلات عدالت میں پیش کی جائیں۔ درخواست گزار کے وکیل جہانگیر شمس نے موقف اختیار کیا کہ ان کے موکل کا نام ایک دوسرے شخص کاشف عرف کے کے عرف سندھی کے ساتھ ملتا جلتا ہونے کے باعث پاک کالونی پولیس نے اس کا شناختی کارڈ دوسرے شخص کے خلاف درج تقریباً 29 مقدمات کے ریکارڈ میں شامل کردیا۔ وکیل کے مطابق دوسرے شخص کے خلاف جاری ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری میں بھی درخواست گزار کا شناختی کارڈ نمبر درج کردیا گیا، جس کے نتیجے میں اس کا شناختی کارڈ بلاک ہوگیا۔
درخواست گزار کو دسمبر 2025 میں اسی غلط اندراج کی بنیاد پر اتحاد ٹاؤن تھانے میں تقریباً ایک ہفتے تک حراست میں بھی رکھا گیا، تاہم تصدیق اور تفتیش کے بعد رہا کردیا گیا۔ وکیل نے بتایا کہ پولیس کے اعلیٰ حکام کو ریکارڈ کی درستی کے لیے درخواستیں دی گئیں لیکن کوئی کارروائی نہیں ہوئی، جبکہ سیشن عدالت میں دائر درخواست بھی مسترد کردی گئی۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ درخواست گزار کا شناختی کارڈ دوسرے شخص کے مقدمات اور پولیس کے مرکزی ریکارڈ سے الگ کیا جائے ، پولیس ریکارڈ کی تصحیح اور شناختی کارڈ بحال کرنے کا حکم دیا جائے اور اسے گرفتاری و ہراسانی سے تحفظ فراہم کیا جائے ۔ عدالت نے مزید سماعت 15 دسمبر تک ملتوی کردی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments