سو فیصد ڈیجیٹل ادائیگیوں کا نظام لایا جائے:ملک بھر میں انٹرنیٹ کی فراہمی اور عوام کی ٹیکنالوجی تک آسان رسائی یقینی بنا نیکی ہدایت،تمام ادارے کیشن لیس اکا نومی پر عمل کریں:شہباز شریف
صارفین کو درپیش مسائل فوری طور پر حل کئے جائیں ، راست کیو آر کوڈ کے ذریعے ادائیگیوں کا نظام حکومت کے کیش لیس معیشت کے وژن کے حصول میں معاون ثابت ہو رہا ہے :اجلاس سے خطاب برآمدات بڑھانے کیلئے ٹی ڈی اے کو جدید بنانے کی منظوری ،شفاف طریقے سے میرٹ پر تربیت یافتہ افرادی قوت کو ادارے کا حصہ بنایا جائے ، صنعتوں ، کاروبار کو سہولت فراہم کر رہے :وزیراعظم
اسلام آباد(نامہ نگار،دنیا نیوز)وزیراعظم شہباز شریف نے ملک بھر میں 100 فیصد ڈیجیٹل ادائیگیوں کا نظام قائم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام ادارے کیش لیس اکانومی پر عمل کر یں ، انٹرنیٹ کی فراہمی اور عوام کی ٹیکنالوجی تک آسان رسائی یقینی بنائی جائے ، کیش لیس معیشت کا فروغ حکومت کی اہم ترین ترجیحات میں سے ایک ہے ، جس کے مثبت نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملک میں کیش لیس معیشت کے فروغ کے حوالے سے منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں وفاقی وزراء، تمام صوبائی چیف سیکرٹریز اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران شریک تھے ۔ وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ملک میں سو فیصد ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نظام کے قیام کیلئے واضح لائحہ عمل اور مقررہ مدت کے ساتھ اہداف پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نظام میں صارفین کو درپیش مسائل فوری طور پر حل کئے جائیں ، راست کیو آر کوڈ کے ذریعے ادائیگیوں کا نظام حکومت کے کیش لیس معیشت کے وژن کے حصول میں معاون ثابت ہو رہا ہے ۔وزیراعظم نے بجلی اور گیس کے صارفین کو یوٹیلیٹی بلوں پر درج کیو آر کوڈ کے ذریعے ادائیگیاں کرنے کی ترغیب دینے کیلئے مؤثر میڈیا مہم چلانے ، تمام وزارتوں اور سرکاری اداروں کو کیش لیس اکانومی کے پلان پر مکمل عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ حکام نے بریفنگ میں بتایا کہ تمام وفاقی اور صوبائی سرکاری اداروں میں ادائیگیوں کی ڈیجیٹائزیشن پر کام تیزی سے جاری ہے اور بیشتر اداروں میں دسمبر 2026 تک تمام ادائیگیاں مکمل ڈیجیٹائز ہو جائینگی،بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی سو فیصد ادائیگیاں بذریعہ ڈیجیٹل والٹ کی جا رہی ہیں ،15 نومبر 2026 سے بذریعہ چیک آسان اسائنمنٹ اکاؤنٹس کی ادائیگیاں ختم کی جا رہی ہیں،16 نومبر سے پورے ملک میں آسان اسائنمنٹ اکاؤنٹس کی تمام ادائیگیاں بذریعہ راست ڈیجیٹل نظام کی جائیں گی ۔
دریں اثناء وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستانی برآمدات کے فروغ، پاکستانی مصنوعات کی عالمی منڈیوں تک رسائی میں اضافے اور چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروبار سمیت مقامی صنعتوں کو برآمداتی معیار سے ہم آہنگ کرنے کیلئے ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی منظوری دیدی ،یہ فیصلہ انہوں نے اپنی زیر صدارت ٹی ڈی اے پی کی کارکردگی اور اصلاحات کے حوالے سے منعقدہ جائزہ اجلاس میں کیا۔ اجلاس میں وفاقی وزراء رانا تنویر حسین، جام کمال ، احد چیمہ، محمد اورنگزیب، عطاء اللہ تارڑ، شزہ فاطمہ خواجہ، ڈاکٹر مصدق ملک، مشیر وزیرِ اعظم ہارون اختر، وزیرِ مملکت بلال اظہر کیانی اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔اس موقع پر وزیر اعظم نے کہا کہ برآمدات میں اضافے کیلئے مصنوعات کی عالمی منڈیوں تک رسائی کلیدی اہمیت کی حامل ہے ، جدید خطور پر استوار ٹی ڈی اے پی اسکی راہ ہمور کرے گا۔زرعی مصنوعات کی برآمد کا پورا ایکو سسٹم بشمول پوری ویلیو چین بنائی جائیگی۔وزیراعظم نے ہدایت کی کہ شفاف طریقے سے میرٹ پر اچھی تربیت یافتہ افرادی قوت کو ٹی ڈی اے پی کا حصہ بنایا جائے ،ادارے کے پرفارمنس اور آڈٹ کیلئے اچھی شہرت یافتہ نجی آڈٹ فرم کی خدمات لی جائیں۔ انہوں نے کہا برآمدات میں اضافے کیلئے صنعتوں اور چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروبار کو سہولت فراہم کر رہے ہیں۔ اجلاس کو بریفنگ میں ٹی ڈی اے پی کے موجودہ نظام میں چیلنجز بارے تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا اور ٹی ڈی اے پی کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کیلئے اصلاحات بھی پیش کی گئیں ۔ وزیر اعظم نے اصلاحات کو آئندہ برس کے وسط میں مکمل کرکے اطلاق یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments