ضمنی انتخاب:این اے 77،پی پی 203 میں ن لیگ کی فتح
گوجرانوالہ میں راشد بشیر ورک اورساہیوال سے اسد حنیف جٹ کامیاب ہوئے
چیچہ وطنی ،گوجرانوالہ،اسلام آباد، لاہور (نمائندہ دنیا ،نامہ نگار، مانیٹرنگ ڈیسک)این اے 77 گوجرانوالہ کے ضمنی الیکشن میں مسلم لیگ ن کے امیدوار راشد بشیر ورک نے میدان مار لیا جبکہ پی پی 203 ساہیوال 6 کے ضمنی انتخاب میں ن لیگ کے ہی محمد اسد حنیف کامیاب ہوگئے ،غیر حتمی و غیر سرکاری نتیجے کے مطابق این اے 77 گوجرانوالہ کے تمام 333 پولنگ سٹیشنز کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتیجہ کے مطابق (ن) لیگ کے راشد بشیر ورک 43 ہزار19ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے ،پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے محمد ابراہیم 30 ہزار 518 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے ،حلقہ پی پی 203 کے تمام 185 پولنگ سٹیشنز کے غیر حتمی، غیر سرکاری نتائج موصول ہو گئے ۔ نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن)کے امیدوار اسد حنیف جٹ 42 ہزار114 ووٹ حاصل کرکے پہلے نمبر پر رہے۔
جبکہ تحریک احساس پاکستان کے امیدوار اویس محمود گجر 24 ہزار512 ووٹ حاصل کرکے دوسرے نمبر پر رہے۔ یادرہے کہ یہ سیٹ مسلم لیگ(ن)کے منتخب ایم پی اے چودھری محمد حنیف جٹ کے انتقال کے بعد خالی ہوئی تھی،دریں اثنا وزیراعظم شہباز شریف نے پنجاب میں ضمنی انتخاب میں کامیابی پر مسلم لیگ (ن)کے امیدواروں محمد اسد حنیف،راشد بشیر ورک کو مبارکباد کا پیغام جاری کیا ہے ۔ وزیراعظم نے کہا کہ ضمنی انتخابات میں لیگی امیدوارو ں کی جیت مسلم لیگ (ن) کی قیادت اور حکومت کی پالیسیوں پر عوام کے بھرپور اعتماد کا مظہر ہے ۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے قومی اور صوبائی اسمبلی کے ضمنی انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ(ن)کے امیدواروں کی کامیابی پر اظہار تشکر کیا ،وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے راشد بشیر اور اسد حنیف کو کامیابی پر مبارکباد دی ۔وزیراعلی ٰمریم نوازشریف نے کہاکہ راشد بشیر اور اسد حنیف کی کامیابی مسلم لیگ (ن)کی مقبولیت اور عوامی اعتماد کا ثبوت ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments