دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں لاہور پھر پہلے نمبر پر آگیا

 دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں لاہور پھر پہلے نمبر پر آگیا

دیوالی پر آتش بازی، نئی دہلی میں فضائی آلودگی خطرناک حد تک بڑھ گئی

لاہور ،نئی دہلی (نیوز ایجنسیاں،دنیا نیوز)لاہور گزشتہ روز بھی دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں سرفہرست رہا، فضائی آلودگی کی مجموعی اوسط شرح 218 پارٹیکیولیٹ میٹرز ریکارڈ کی گئی۔لاہور کے علاقے علامہ اقبال ٹاؤن میں فضائی آلودگی کی شرح انتہائی بلند سطح پر پہنچ گئی جہاں 1063 پارٹیکیولیٹ میٹرز ریکارڈ کیے گئے ، جبکہ گلبرگ ٹو میں آلودگی کی زیادہ سے زیادہ شرح 328 ریکارڈ ہوئی۔فضائی آلودگی کے اعتبار سے دیگر شہروں میں ملتان 650، پشاور 390، فیصل آباد 340 اور سکردو 321 پارٹیکیولیٹ میٹرز کے ساتھ شامل رہے ۔ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے دعویٰ کیا ہے کہ لاہور کا ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) کم ہو کر 208 پر آ گیا ہے ، سرحد پار دیوالی کی آتش بازی سے آنے والی آلودگی کے باوجود شہر میں فضائی معیار میں بہتری ریکارڈ کی جا رہی ہے ،مریم اورنگزیب نے ’ایکس‘ پر کہا کہ پنجاب حکومت کے اداروں کی مسلسل محنت، بہتر موسمی حالات، مؤثر سموگ کنٹرول آپریشنز، ہوا کی رفتار میں اضافے اور مسلسل فیلڈ مانیٹرنگ کے باعث فضائی آلودگی میں کمی آ رہی ہے ، تمام متعلقہ ادارے فیلڈ میں متحرک ہیں۔دوسری جانب بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں دیوالی کے موقع پر آتش بازی کے باعث فضائی آلودگی خطرناک سطح پر پہنچ گئی، زہریلے ذرات کی مقدار عالمی ادارہ صحت کی یومیہ مقررہ حد سے 58 گنا تجاوز کرگئی۔ فضائی نگرانی کے ادارے آئی کیو ایئر کے مطابق مندر مارگ کے علاقے میں پی ایم 2.5 ذرات کی سطح 879 مائیکروگرام فی مکعب میٹر ریکارڈ کی گئی۔ بھارت کی سپریم کورٹ نے دیوالی پر محدود پیمانے پر ماحول دوست پٹاخوں کی اجازت دی تھی، تاہم پابندیوں کی خلاف ورزی جاری رہی۔ گاڑیوں، صنعتی اخراج اور فصلوں کی باقیات جلانے سے بھی آلودگی میں اضافہ ہوا۔سوئس ادارے آئی کیو ایئر کی سالانہ رپورٹ کے مطابق دہلی کے پانچ علاقے دنیا کے 20 آلودہ ترین علاقوں میں شامل ہیں۔ ان میں لونی کا سالانہ اوسط پی ایم 2.5 کی مقدار 112.5 مائیکروگرام فی مکعب میٹر ریکارڈ کی گئی، جو عالمی ادارہ صحت کی مقررہ حد سے 22 گنا زیادہ ہے ۔ 

 

 

 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...