عوام بنیادی سہولیات سے محروم، فرسودہ نظام تبدیل کرنا ہوگا : حافظ نعیم
مڈل کلاس پس رہی ، عوام کو کو حقوق نہیں مل رہے ،پنجاب میں 80لاکھ بچیاں سکولوں سے باہر ہیں نظام کی تبدیلی کی جدوجہد میں خواتین بھی ہمارا ساتھ دیں:امیر جماعت اسلامی کا نمائش سے خطاب
لاہور (سیاسی نمائندہ،دنیا نیوز)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ عوام بنیادی سہولیات سے محروم، فرسودہ نظام تبدیل کرنا ہوگا، ملک کے موجودہ نظام میں عوام کو تعلیم، صحت، معاش اور امن اور تحفظ کے بنیادی حقوق دستیاب نہیں،ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاک انٹرنیشنل بزنس فورم کے زیر اہتمام ’’ہمارا ہنر، ہماری پہچان‘‘ کے عنوان سے خدیجۃ الکبریٰ نمائش کے دورہ کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ حافظ نعیم نے کہا کہ پنجاب میں 80لاکھ بچیاں سکولوں سے باہر ہیں اور بیٹی کی گریجوایشن تقریب میں شرکت کیلئے وزیراعلیٰ مریم نواز گیارہ ارب کے جہاز میں بیٹھ کر لندن روانہ ہو گئیں، ان سے سوال کرنا عوام کا حق ہے۔
ایسے فرسودہ نظام کی تبدیلی کی جدوجہد کرنا بھی قوم پر لازم ہے ، نظام کی تبدیلی کی جدوجہد میں خواتین بھی جماعت اسلامی کا ساتھ دیں، معاشرے میں عدل ہو تو خواتین بہت سی پریشانیوں سے بچ سکتی ہیں ، پوری دنیا میں اس وقت افراتفری ہے ، لوگوں کو حقوق نہیں مل رہے ، امیر اور غریب کے درمیان بہت فرق ہے جبکہ مڈل کلاس بھی پس رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ایسے حالات میں اگر خواتین نوکری نہیں کریں گی تو گھر کیسے چلیں گے ؟ ۔ انہوں نے کہا کہ گھروں سے باہر کام کرنے والی خواتین کے تحفظ کو یقینی بنانا حکومت کی بنیادی ذمہ داری اور ملک کی اہم ترین ضرورت ہے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ملک میں جس طرح کے حالات ہیں ان میں متوسط طبقہ کی خواتین کو بھی کام کرنا پڑ رہا ہے ، اگر ریاست اپنی ذمہ داری ادا کرے تو بہت سی خواتین کو کام کرنے کی مجبوری نہیں ہوگی بلکہ وہ اپنی تمام توجہ بچوں کی بہترین پرورش اور قوم کی تشکیل میں لگا سکیں گی، تاہم موجودہ حالات میں بہت سی خواتین کیلئے ملازمت کرنا، چھوٹے کاروبار شروع کرنا اور معاش کے وسائل کیلئے کوشش کرنا ضروری بن چکا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments