میرے وزیر اعلیٰ پنجاب بننے کی خبروں میں کوئی حقیقت نہیں:سپیکر
سیاسی جنگ آپس میں چلتی رہتی ہے ،یہ سلسلہ جاری رہنا چاہیے :ملک احمد ٹوبہ میں سرکاری سکول کی تقریب میں ڈی سی کی عدم شرکت پر اظہاربرہمی
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہاہے کہ میرے وزیراعلیٰ پنجاب بننے کی خبروں میں کوئی حقیقت نہیں، اس کو افواہ سمجھا جائے ،سیاسی جنگ آپس میں چلتی رہتی ہے ،سیاست میں یہ سلسلہ جاری رہنا چاہیے ،سیاسی کشمکش نہ ہو تو سیاست میں مزہ نہیں آتا۔ ٹوبہ ٹیک سنگھ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ملک محمد احمد خان کا کہنا تھا کہ سرکاری افسران کے بے جا اختیارات کے خلاف ہوں،سرکاری اختیارات عوامی نمائندوں کے پاس ہونے چاہئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اس وقت بہت بڑی مشکل سے گزر رہا ہے ،افغانستان کی سرزمین پر بیٹھے کچھ عناصر پاکستان کو نقصان پہنچا رہے ہیں،کچھ گمراہ عناصر ملک کے اندر سے بھی پاکستان کو نقصان پہنچا رہے ہیں، انٹیلی جنس ایجنسیاں، پولیس اور سکیورٹی فورسز شرپسند عناصر کا مقابلہ کر رہی ہیں سپیکر پنجاب اسمبلی کا کہنا تھا کہ شرپسند عناصر کا کہیں بھی سراغ ملے ، ان کے خلاف کارروائی کی جاتی ہے ،شہری بھی ملک میں امن و امان کے قیام کے لیے اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔ دوسری جانب ٹوبہ میں سرکاری سکول کی تقریب میں ڈپٹی کمشنر کی عدم شرکت پر سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے برہمی کا اظہارکیا،سی ای او ایجوکیشن بھی عوامی نمائندے کی موجودگی کو نظر انداز کرکے سیکرٹری کی میٹنگ کا کہہ کر چلی گئیں۔ سپیکر پنجاب اسمبلی نے کہاکہ کیا90فیصد رزلٹ دینے والے سکول میں آنے سے زیادہ ضروری سیکرٹری کی میٹنگ تھا ؟میرے پاس اختیار ہے ان کو اسمبلی میں بلا کر سرزنش کرسکتا ہوں اور سزا بھی دے سکتا ہوں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments