سی ڈی اے کا والی وارث ہے یا نہیں ؟وکیل بلائیں ورنہ کل چیئرمین طلب:جسٹس انعام امین
لگاتار پانچواں کیس ہے کمنٹس جمع نہیں کرائے گئے ، ان کا بیورو کریٹک رویہ دیکھیں، لوگوں کو تنگ کرنے کیلئے بیٹھے ہیں؟ اسی وقت توہین عدالت کارروائی شروع کروں گا، بتا رہا ہوں ایکشن لوں گا:جواب جمع نہ کرانے پر ڈائریکٹر پر برہمی کا اظہار
اسلام آباد (اپنے نامہ نگار سے ) اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس انعام امین منہاس نے پانچ کیسز میں سی ڈی اے کے جواب جمع نہ کرانے پرسخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ لگاتار پانچواں کیس ہے سی ڈی اے کے کمنٹس جمع نہیں کرائے گئے ، کیا سی ڈی اے سے کوئی آیا ہے ۔ ڈائریکٹر سی ڈی اے روسٹرم پر آئے تو جسٹس انعام امین منہاس نے استفسار کیاکہ کتنا عرصہ ہوگیا ہے آپ کو نوکری کرتے ہوئے ، ڈائریکٹر سی ڈی اے نے بتایاکہ 20 سال ہوگئے ہیں،جسٹس انعام امین منہاس نے ریمارکس دیئے کہ اتنے سال بیٹھ کر کیا کیا ہے ، کیوں لوگوں کو تنگ کر رہے ہیں، آپ اس لئے بیٹھے ہیں تاکہ لوگوں کو اس طرح تنگ کیا جائے ، میں آپ کو جیل بھیج دوں گا، اڈیالہ جیل دور نہیں، سی ڈی اے کا کوئی والی وارث ہے یا نہیں، ان کا بیوروکریٹک رویہ دیکھیں،سی ڈی اے کا وکیل بلائیں ورنہ کل چیئرمین سی ڈی اے کو بلا لوں گا۔ سی ڈی اے کے وکیل عامر لطیف عدالت میں پیش ہوئے تو جسٹس انعام امین منہاس نے کہاکہ یہ ڈائریکٹر ہے میں ابھی اسی وقت توہین عدالت کی کارروائی شروع کردوں گا، میں بتا رہا ہوں ایکشن لوں گا، سی ڈی اے کے وکیل نے کہاکہ عدالت کچھ وقت دے ہم جواب جمع کرا دیتے ہیں۔ عدالت نے مہلت دیتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments