عمان پاکستان کوادھارتیل دیگا ، معاہدہ پر دستخط: تجارتی شراکت داری کو وسعت دینے توانائی اور معدنیات کے شعبوں میں دو طرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق

 عمان پاکستان کوادھارتیل دیگا ، معاہدہ  پر دستخط: تجارتی شراکت داری کو وسعت دینے توانائی اور معدنیات کے شعبوں میں دو طرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق

وفاقی وزیر پٹرولیم ،عمان کے وزیر توانائی و معدنیات کی ملاقات،عمانی کمپنی پی ایس او کو پٹرولیم مصنوعات کیلئے 20کروڑ ڈالر کی کریڈٹ سہولت فراہم کرے گی پاکستان اور ایران کے درمیان آزاد تجارتی معاہد ے پر مذاکرات بھی آخری مراحل میں داخل، کسٹم اخراجات کم ہوں گے ،معاہدہ 20 مارچ 2027 تک متوقع

اسلام آباد، تہران(دنیا نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان اور عمان کے درمیان پٹرولیم مصنوعات کی خرید و فروخت کا اہم معاہدہ طے پا گیا،پاکستان اور ایران کے درمیان آزاد تجارتی معاہد ے پر مذاکرات آخری مراحل میں داخل ہوگئے ۔ پاکستان اور عمان کے درمیان توانائی کے شعبے میں اہم پیش رفت ہوئی ہے ۔ معاہدے کے تحت عمانی کمپنی پی ایس او کو پٹرولیم مصنوعات کی خریداری کے لیے 20کروڑ ڈالر کی کریڈٹ سہولت بھی فراہم کرے گی۔وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے مسقط میں عمان کے وزیر توانائی و معدنیات انجینئر سالم العوفی سے ملاقات کی جس میں دونوں ممالک کے درمیان توانائی، تیل، گیس اور معدنیات کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ دونوں وزرا نے پی ایس او اور او کیو ٹریڈنگ کے درمیان معاہدے کی تقریب میں بھی شرکت کی۔معاہدے کے تحت پی ایس او کو پٹرولیم مصنوعات کی  مسلسل فراہمی کے لیے باقاعدہ تجارتی فریم ورک قائم ہو گا۔ اس پیش رفت کو پاکستان کی توانائی سکیورٹی مضبوط بنانے اور پٹرولیم درآمدات کے ذرائع میں تنوع پیدا کرنے کے حوالے سے اہم قرار دیا جا رہا ہے ۔ملاقات میں پاکستان اور عمان کے درمیان آئل اینڈ گیس کے شعبے میں مشترکہ ورکنگ گروپ کے قیام کا خیرمقدم کیا گیا۔ دونوں وزراء نے اس گروپ کے ذریعے توانائی اور معدنیات کے شعبوں میں تعاون مزید آگے بڑھانے پر اتفاق کیا۔

حکام کے مطابق عمانی کمپنی او کیو ٹریڈنگ نے 2026 میں پی ایس او کو 10 لاکھ میٹرک ٹن سے زائد پٹرول فراہم کیا جبکہ پاکستان کو ایل پی جی کی فراہمی 2026 کے اختتام تک ایک لاکھ 20 ہزار میٹرک ٹن سے تجاوز کرنے کی توقع ہے ۔دونوں ممالک نے توانائی کے شعبے میں تجارتی شراکت داری کو وسعت دینے اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع تلاش کرنے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔دریں اثنا خبر رساں ادارے ارنا کے مطابق ایران کی تجارتی ترقی کی تنظیم (ٹی پی او) کے مشرقی ایشیا اور برصغیر کے دفتر کے نائب سربراہ سید مہرداد سادات نسب نے بتایا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان جامع آزاد تجارتی معاہدے (ایف ٹی اے ) پر مذاکرات آخری مرحلے میں داخل ہو گئے ہیں جو رواں فارسی سال کے اختتام تک طے پانے کی توقع ہے ،معاہدے پر پیش رفت جاری ہے ، مذاکرات اور معاہدے میں شامل اشیا کی فہرستوں کے تبادلے کے بعد یہ اپنے آخری مراحل میں پہنچ چکا ہے ۔ایرانی عہدیدار کے مطابق نئے معاہدے پر عمل درآمد سے دونوں ممالک کے درمیان کسٹم اخراجات کم ہوں گے۔

جس سے باہمی تجارت کے حجم میں نمایاں اضافہ ممکن ہوگا ،پاکستان اور ایران کے درمیان سرکاری اور غیر سرکاری تجارت کا موجودہ حجم 6 ارب ڈالر بتایا۔ان کے مطابق دونوں ممالک میں وسیع معاشی صلاحیتیں موجود ہیں اور باہمی تجارت کو 10 ارب ڈالر سے زیادہ تک پہنچایا جاسکتا ہے ۔انہوں نے صنعتی شعبے ، زراعت، کان کنی اور تکنیکی و انجینئرنگ خدمات کو دوطرفہ اقتصادی تعاون کے اہم شعبے قرار دیا۔ایرانی عہدیدار کے مطابق پاکستان کی منڈی میں ایران کی بنیادی برآمدی صلاحیتوں میں پٹروکیمیکلز، مائع پٹرولیم گیس (ایل پی جی)، سٹیل، ٹائلز اور سرامکس شامل ہیں۔انہوں نے ایرانی برآمد کنندگان پر زور دیا کہ وہ پاکستانی مارکیٹ کی ضروریات کو بہتر طور پر سمجھیں اور زیادہ سے زیادہ مارکیٹ شیئر حاصل کرنے کیلئے معیاری اشیا مسابقتی قیمتوں پر فراہم کریں۔ دونوں ممالک کے درمیان معاہدہ 20 مارچ 2027 تک متوقع ہے ۔پاکستان اور ایران 900 کلومیٹر طویل مشترکہ سرحد رکھتے ہیں۔ دونوں ممالک اس سے قبل ترجیحی تجارتی معاہدے پر دستخط کرچکے ہیں جس کے تحت مخصوص اشیا کی فہرست پر درآمدی محصولات میں کمی کی گئی تھی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...