وزیر اعظم کا نوجوانوں کیلئے کاروباری وزرعی قرضوں کی فراہمی تیز کرنے کا حکم

 وزیر اعظم کا نوجوانوں کیلئے کاروباری وزرعی قرضوں کی فراہمی تیز کرنے کا حکم

یوتھ بزنس اینڈ ایگریکلچر لون سکیم پر پیش رفت کا جائزہ ، نوجوانوں کو بااختیار بنانا حکومت کی اولین ترجیح :شہباز شریف چیئرمین یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد کی وزیراعظم سے ملاقات، بریفنگ دی، مختلف منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال

اسلام آباد (آن لائن)وزیراعظم شہباز شریف نے نوجوانوں کیلئے کاروباری اور زرعی قرضوں کی فراہمی کا عمل مزید تیز کرنے کا حکم دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ  یوتھ لون سکیم کے تحت قرضوں کی تقسیم میں مکمل شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنایا جائے تاکہ مستحق نوجوان حکومتی سہولت سے بھرپور فائدہ اٹھا سکیں ،نوجوان پاکستان کا قیمتی سرمایہ ہیں اور انہیں معاشی طور پر خودمختار اور بااختیار بنانا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ۔ انہوں نے چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خاں کو ہدایات جاری کیں۔ قبل ازیں رانا مشہود احمد خاں نے وزیراعظم سے ملاقات کی اور انہیں یوتھ بزنس اینڈ ایگریکلچر لون سکیم کے حوالے سے جامع بریفنگ دی اور اس منصوبے کے تحت نوجوانوں کو مالی معاونت فراہم کرنے سے متعلق اقدامات سے آگاہ کیا۔

اس موقع پر نوجوانوں کی فلاح و بہبود، انہیں جدید ہنر سے آراستہ کرنے ،یوتھ پروگرام کے تحت جاری مختلف منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے زور دیا کہ قرضوں کی تقسیم میں شفافیت اور میرٹ کو بنیادی اصول بنایا جائے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ حکومتی وسائل حقیقی طور پر مستحق نوجوانوں تک پہنچیں ۔وزیراعظم شہباز شریف نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ نوجوانوں کی صلاحیتوں کو بروئے کار لانا ملکی ترقی اور معاشی استحکام کے لیے ناگزیر ہے ، حکومت نوجوانوں کو کاروبار، زراعت اور ہنر مندی کے شعبوں میں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنے کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...