پنجاب امن ، مذہبی رواداری اور بین المذاہب ہم آہنگی کی سرزمین : مریم نواز
حکومت تمام مذاہب کے پیروکاروں کو مذہبی رسومات کی ادائیگی کیلئے سازگار ماحول فراہم کرنے کیلئے پرعزم :بیان وزیراعلیٰ کا بابا گورو نانک کے 557ویں جنم دن کی تقریبات میں شرکت کیلئے آنیوالے سکھ یاتریوں کا خیر مقدم
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک )وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ سکھ مذہب کے بانی بابا گورو نانک کے 557ویں جنم دن کی تقریبات میں شرکت کیلئے پاکستان آنے والے سکھ یاتریوں کو خوش آمدید کہتے ہیں،پاکستان بالخصوص پنجاب امن، محبت، مذہبی رواداری اور بین المذاہب ہم آہنگی کی سرزمین ہے ،سکھ برادری کیلئے پاکستان میں مقدس مذہبی مقامات کی زیارت کیلئے بہترین سہولیات فراہم کرنا ہماری ذمہ داری ہے ۔وزیراعلیٰ پنجاب نے جاری ایک بیان میں مزید کہا ہے کہ بابا گورو نانک امن، محبت، بھائی چارے کے علمبردار ہیں ، پاکستان آنے والے سکھ یاتری ہمارے مہمان ہیں، ان کی مہمان نوازی اور سہولت کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کئے جا رہے ہیں ۔ مریم نواز نے کہاکہ سکھ یاتریوں کی آمد پر پرتپاک استقبال پاکستان کی مذہبی رواداری اور روایتی مہمان نوازی کا مظہر ہے ،پنجاب حکومت تمام مذاہب کے پیروکاروں کو اپنی مذہبی رسومات کی ادائیگی کیلئے سازگار ماحول فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہے ،مذہبی سیاحت کا فروغ پاکستان کا مثبت اور پُرامن تشخص دنیا بھر میں اجاگر کرنے کا ذریعہ ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments