خیبرپختونخوا کے ترقیاتی پیکج پر عملدرآمد شروع ، 10 ارب کا اجرا
12 مخصوص اضلاع کیلئے 96ارب 97کروڑ، 25دیگر اضلاع کیلئے 63ارب 20کروڑ روپے رکھنے کی تجویز امن و امان کے 62 منصوبوں پر 39 ارب 19 کروڑ روپے خرچ ہوں گے ، 3 دانش سکول بنائے جائیں گے :دستاویزات
اسلام آباد (دنیا نیوز)وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے خیبرپختونخوا کے لیے 160 ارب روپے کے ترقیاتی پیکیج کے اعلان کے بعد ابتدائی طور پر 10 ارب روپے صوبائی حکومت کو جاری کر دیے گئے ۔ دستاویزات کے مطابق خیبرپختونخوا کے 12 مخصوص اضلاع کے لیے 96 ارب 97 کروڑ 10 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں جبکہ صوبے کے دیگر 25 اضلاع کے لیے 63 ارب 20 کروڑ 60 لاکھ روپے رکھنے کی تجویز ہے ۔ 12 مخصوص اضلاع میں مجموعی طور پر 430 ترقیاتی منصوبوں پر کام کیا جائے گا، جن میں 7 خصوصی منصوبوں پر 19 ارب 27 کروڑ روپے خرچ ہوں گے جبکہ 423 منصوبوں کے لیے 77 ارب 70 کروڑ 10 لاکھ روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے ۔ ان اضلاع میں 100 روزہ اور 180 روزہ ترقیاتی منصوبے بھی شروع کیے جائیں گے ۔ترقیاتی پیکیج کے تحت امن و امان کے 62 منصوبوں پر 39 ارب 19 کروڑ روپے خرچ کیے جائیں گے ۔ پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی استعداد کار بڑھانے پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔
دستاویزات کے مطابق صحت کے شعبے کے 41 منصوبوں کے لیے 3 ارب 20 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں جبکہ مخصوص اضلاع میں تعلیم کے 72 منصوبوں پر 12 ارب 90 کروڑ روپے خرچ ہوں گے ۔ باجوڑ، کرم اور ڈیرہ اسماعیل خان میں 3 دانش سکول قائم کیے جائیں گے ۔ اس کے علاوہ 70 سکولوں کی مرمت اور اپ گریڈیشن جبکہ 409 سکولوں کو شمسی توانائی پر منتقل کیا جائے گا۔مخصوص اضلاع میں سڑکوں کی بہتری کے 32 منصوبوں کے لیے 12 ارب 70 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔ ترقیاتی پیکیج میں ٹل پاراچنار روڈ اور گومل زام ڈیم کے منصوبے بھی شامل ہیں۔ اسی طرح 88 مقامات پر پانی کی فراہمی کی سکیموں کو سولرائز کیا جائے گا تاکہ شہریوں کو پانی کی فراہمی میں سہولت فراہم کی جا سکے ۔ زرعی شعبے میں بھی خصوصی اقدامات تجویز کیے گئے ہیں، جن کے تحت 100 طلبہ کو چین میں زرعی تعلیم کے لیے سکالرشپس دی جائیں گی۔ دستاویزات کے مطابق خیبرپختونخوا کے 25 اضلاع میں مجموعی طور پر 219 ترقیاتی منصوبوں پر بھی کام کیا جائے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments