بلاول گورنر راج، ایمرجنسی کی توسیع کے حق میں ووٹ نہ دیں : تحریک انصاف
پختونخوا سے منتخب ایم این ایزکاسیاسی صورت حال بارے اہم اجلاس، صوبائی وسائل میں کٹوتیوں پراظہار تشویش شرکاء کا پی پی چیئرمین کے عمران خان کو سیاسی قیدی قرار دینے اور مخصوص نشستوں بارے مؤقف کا خیرمقدم
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک،آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کے خیبر پختونخوا سے منتخب ارکان قومی اسمبلی نے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کی طرف سے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو سیاسی قیدی قرار دینے اور مخصوص نشستوں پر پی ٹی آئی کے موقف کی حمایت کا خیر مقدم کیا ہے اورکہا ہے کہ بلاول نیک نیتی ثابت کرتے ہوئے گورنر راج کے خاتمے کیلئے کردار ادا کریں اور گورنر راج اور ایمرجنسی کی توسیع کے حق میں قومی اسمبلی میں ووٹ نہ دیں ۔تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کے خیبر پختونخوا سے منتخب ارکان قومی اسمبلی کا گزشتہ روز اسلام آباد میں اہم ترین اجلاس منعقد ہوا، جس میں ارکان قومی اسمبلی عاطف خان، سلیم الرحمن، صاحبزادہ صبغت اللہ، محبوب شاہ، شہرام خان ترکئی، شہزادہ گستاسپ، محمد نواز خان، آصف خان، علی اصغر ، ارباب شیر علی، سہیل سلطان، علی خان جدون، ساجد مہمند، شاہ احد اور بشیر خان سمیت سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے بھی شرکت کی۔ پارٹی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق شرکاء نے عمران خان کو ذاتی معالج، اہل خانہ اور وکلا سے فوری ملاقات کی۔
سہولت دینے ،علیمہ خان ، بشریٰ بی بی ،، ڈاکٹر یاسمین راشد، شاہ محمود قریشی، محمود الرشید، اعجاز چودھری سمیت دیگر رہنماؤں کی رہائی ،گرفتار وزیراعلیٰ پختونخوا سہیل آفریدی سمیت منتخب نمائندوں کو منظر عام پر لانے اور پختونخوا کے مالی و آئینی حقوق ادا کرنے کا مطالبہ کیا ۔اجلاس میں بلاول بھٹو کے حالیہ بیانات کا تفصیلی جائزہ بھی لیا گیا اور اراکین نے بلاول بھٹو سے اپنے بیانات پر عملی مظاہرہ کرنے کا مطالبہ کیا۔اراکین تحریک انصاف نے پختونخوا کے مالی حقوق کی ادائیگی میں تاخیر اور وسائل میں کٹوتیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وفاق نے خیبر پختونخوا کیلئے 160 ارب روپے کا وعدہ پورا کرنے کی بجائے 157 ارب روپے کی کٹوتی کر لی، صوبے کو آئینی اور مالی حقوق سے محروم نہیں کیا جا سکتا، گورنر راج اور ایمرجنسی سے صوبے کے سیاسی، معاشی اور انتظامی مسائل مزید پیچیدہ ہو گئے ہیں، سربراہ جے یو آئی (ف)مولانا فضل الرحمن اور دیگر سیاسی رہنماؤں کی سکیورٹی یقینی بنانا ریاست کی ذمہ داری ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments