ظالم اشرافیہ نے عوام کو ہمیشہ تقسیم کرنے کی سازشیں کیں : حافظ نعیم
عوام جنہیں ووٹ د یں ، اقتدار انہی کو ملنا چاہیے ، نتائج میں تبدیلی نہ ہو ، چمن سے سرحدی تجارت کھولی جائے بلوچستان کے عوام کو زندہ رہنے کا حق دیناپڑے گا، صوبے میں بھتہ خوری ختم کی جائے :کوئٹہ میں جلسہ سے خطاب
کوئٹہ (سٹاف رپورٹر )امیرجماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ حکمران بلوچستان کے عوام کو بااختیار بلدیاتی نظام، روزگار ، تعلیم دیں اور وسائل پر ان کے حق کو تسلیم کریں تو لوگ پہاڑوں سے واپس آجائیں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے صادق شہید گراؤنڈ میں حق دو بلوچستان کے عنوان سے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جلسہ سے امیر صوبہ و ممبر بلوچستان اسمبلی مولانا ہدایت الرحمن بلوچ، جنرل سیکرٹری مرتضیٰ خان کاکڑ ، نائب امیر شکیل روشن اور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔ سلمان گِل کی قیادت میں اقلیتی برادری کی بڑی تعداد نے بھی جلسہ میں شرکت کی۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ملک پر اسی برسوں سے جاگیرداروں، وڈیروں، اسٹیبلشمنٹ اور خاندانوں پر مشتمل سیاسی پارٹیوں کا قبضہ ہے ، اس ظالم اشرافیہ نے عوام کو ہمیشہ تقسیم کرنے کی سازشیں کیں ،تاہم یہ ان میں کامیاب نہیں ہوئے ، وفاقی حکومت پاک ایران گیس پائپ لائن مکمل کرے ، چمن سے سرحدی تجارت کھولی جائے۔
صوبہ سے معدنیات نکال کر دور علاقوں میں فیکٹریاں کیوں بنائی جاتی ہیں، بلوچستان کے پچاس فیصد بچے سکول کیوں نہیں جاتے ؟ مقتدرہ سرداروں اور لٹیروں کو ہی مسند اقتدار پر کیوں بٹھاتی ہے ؟ عوام کی رائے کا احترام کرنا پڑے گا، عوام جنہیں ووٹ دیں اقتدار انہی کو ملنا چاہیے ، نتائج میں تبدیلی نہ ہو۔ ہارے ہوئے لوگ فارم سینتالیس سے اسمبلیوں میں پہنچ گئے ، کراچی میں قبضہ میئر بٹھا دیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ نئے انتظامی یونٹس کا قیام کوئی بڑا مسئلہ نہیں ، بلوچستان میں امن کا قیام اہم ترین ضرورت ہے ، عوام کو زندہ رہنے کا بنیادی حق فراہم کرنا پڑے گا۔ صوبہ میں بھتہ خوری ختم کی جائے ۔ نوجوان ہمارا ساتھ دیں ، ہم نے لیوی کے خلاف ملک گیر تحریک چلا کر حکومت کو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم کرنے پر مجبور کیا۔ مافیا سے جان چھڑانا ہوگی ۔مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے کہا کہ صوبے کا نوجوان پرامن سیاسی جمہوری جدوجہد کا راستہ اپنائے ، سردار صوبہ کی ترقی میں بڑی رکاوٹ ہیں، نوجوان پہاڑوں سے واپس آئیں اور جماعت اسلامی کے ساتھ مل کر اپنے حق کیلئے جدوجہد کریں ، ہم انہیں کبھی مایوس نہیں کریں گے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments