اپنا گھر پروگرام :بینک قرضوں کی منظوری میں تیزی لائیں :شہبازشریف

اپنا گھر پروگرام :بینک قرضوں کی منظوری میں تیزی لائیں :شہبازشریف

غریب ،مزدور، بیوہ کو چھت فراہم نہیں کر سکتے تو ہمیں عہدوں پر رہنے کا حق نہیں،غریبوں کیلئے کروڑوں گھر بھی بنانے پڑے تو بناؤں گا،سکیم کے تحت 100ارب سے زائد کے قرضوں کے اجرا پر خطاب قابل تجدید توانائی، زراعت، غذائی اشیا کی پراسیسنگ، ٹیکسٹائل، ٹیکنالوجی،سیاحت کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھائیں،پرتگالی وزیر خارجہ سے گفتگو، محسن نقوی کی بھی ملاقات

اسلام آباد (دنیا نیوز،نیوز ایجنسیاں) وزیراعظم شہباز شریف نے اپنا گھر پروگرام کے تحت اگلے چھ ماہ میں ایک ہزار ارب روپے کے قرضوں کی تقسیم کے سنگ میل کے حصول کیلئے تیز ترعملی اقدامات اٹھانے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ مستحق خاندانوں کو گھر کی فراہمی قومی ذمہ داری ہے ، بینک قرضوں کی منظوری میں تیزی لائیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ مستحق شہریوں کو بلا تاخیر اپنے گھر کی تعمیر کیلئے مالی سہولت میسر آئے ، قرضوں کی جائز منظوری میں تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی،یہ وہ پاکستان نہیں جس کیلئے قائداعظم نے تحریک چلائی،غریب ، مزدور، بیوہ کو چھت فراہم نہیں کر سکتے تو ہمیں عہدوں پر رہنے کا حق نہیں،وفاق کو صوبوں سے ملکر اقدامات کرنا ہونگے ۔وزیراعظم نے ان خیالات کا اظہار ’’وزیراعظم اپنا گھر پروگرام‘‘ کے تحت 100 ارب روپے سے زائد کے قرضوں کی تقسیم کے سنگ میل کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے  خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا شبانہ روز محنت کرنے والے اپنے گھر کو ترستے ہیں، جن خاندانوں کو گھر ملا ہے انہیں مبارکباد پیش کرتا ہوں، آج کا دن ہماری حکومت اور ہزاروں خاندانوں کیلئے خوشی کا دن ہے ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پنجاب میں نواز شریف کی قیادت میں آشیانہ سکیم شروع کی گئی، پہلا منصوبہ آشیانہ قائد تھا، اس کے بعد آشیانہ اقبال اور پنجاب کے دیگر شہروں میں بھی اس کا آغاز ہوا، اپنا گھر ہر شہری کا خواب ہوتا ہے ، خوشی ہے کہ ہزاروں خاندانوں کو گھر مل چکے ہیں۔شہباز شریف نے کہا کہ اپنے انتخابی حلقے میں ایک ایسے گھر کا دورہ کیا جو صرف ایک کمرے پر مشتمل تھا، وہاں ایک خاتون سے پوچھا کہ آپ کیا کام کرتی ہیں تو انہوں نے بتایا کہ ان کی بیٹی بیماری میں مبتلا ہے ، دکھ کی بات ہے کہ ایک طرف تمام وسائل مٹھی بھر لوگوں کے ہاتھ میں ہیں جبکہ بہت بڑی تعداد چھت، تعلیم اور روزگار سے محروم ہے ۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ملک میں سب کو برابر حقوق ملنے چاہئیں، یہ وہ پاکستان نہیں تھا جس کیلئے قائداعظم نے تحریک چلائی تھی، پاکستان کے قیام کے وقت لاکھوں مسلمانوں نے خون کے دریا عبور کیے ، اگر ہم غریب ،مزدور اور بیوہ کو چھت فراہم نہیں کر سکتے تو ہمیں اس عہدے پر رہنے کا کوئی حق نہیں۔انہوں نے کہا کہ غریبوں کیلئے کروڑوں گھر بھی بنانے پڑے تو بناؤں گا، بینکوں کو برق رفتاری سے قرضے فراہم کرنے چاہئیں، اس مقصد کے لیے جو بھی رکاوٹیں ہیں انہیں مل بیٹھ کر دور کریں گے ۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ قرضے لینے والوں سے کسی نے سیاسی جماعت نہیں پوچھی، اسی کو شفافیت اور میرٹ کہتے ہیں۔وزیر اعظم نے کہا کہ میرٹ پر کسی مخالف جماعت کے شخص کو بھی گھر ملتا ہے تو ضرور ملنا چاہیے ، بینک میرٹ پر قرضے فراہم کرنے کیلئے آسانیاں پیدا کریں، یہ وسائل قوم کے ہیں اور حق داروں کیلئے ہیں۔دریں اثنا وزیراعظم شہباز شریف سے پرتگال کے وزیر خارجہ پاؤلو رینڈژیل نے ملاقات کی۔ پرتگال کے وزیر خارجہ 22 سے 23 نومبر تک پاکستان کے سرکاری دورے پر ہیں۔ ملاقات میں پاکستان اور پرتگال کے تعلقات کو سیاسی اور معاشی سطح پر مزید مضبوط بنانے اور دوطرفہ تعاون کے مختلف شعبوں کو وسعت دینے پر بات چیت ہوئی۔پیر کو وزیر اعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے پرتگال کے وزیر خارجہ کا خیرمقدم کرتے ہوئے خطے میں امن کے فروغ میں پاکستان کے کردار کو سراہنے اور یورپی یونین کی جی ایس پی پلس سہولت کے تحت پاکستان کی حمایت جاری رکھنے پر پرتگال کا شکریہ ادا کیا۔دونوں رہنماؤں نے سیاسی روابط مضبوط بنانے اور تجارت، سرمایہ کاری، زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، ٹیکسٹائل، سیاحت، تعلیم اور ثقافتی تبادلوں کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا۔وزیراعظم نے مختلف شعبوں میں شراکت داری کے فروغ کے لیے پاکستان کی جانب سے مشترکہ وزارتی کمیشن (جے ایم سی)قائم کرنے کی تجویز قبول کرنے پر پرتگال کے فیصلے کو سراہا۔. انہوں نے کہا کہ یہ کمیشن دونوں ممالک کی مشترکہ ترجیحات کے تعین اور عملی تعاون کو آگے بڑھانے کے لیے ایک باقاعدہ فورم فراہم کرے گا۔دونوں رہنماؤں نے پرتگال کے وزیر خارجہ کے دورے کے موقع پر پاکستان پرتگال بزنس فورم کے انعقاد کا خیرمقدم کیا۔

فورم میں پرتگال کی تقریباً 20 کمپنیوں نے شرکت کی، جہاں دونوں ممالک کے کاروباری نمائندوں کو ملاقات اور تجارت، سرمایہ کاری اور مشترکہ منصوبوں کے مواقع تلاش کرنے کا موقع ملا۔وزیراعظم نے پرتگالی کمپنیوں کو پاکستان میں قابل تجدید توانائی، زراعت، غذائی اشیا کی پراسیسنگ، ٹیکسٹائل، ٹیکنالوجی اور سیاحت کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھانے کی ترغیب دی۔دونوں فریقوں نے زراعت کے شعبے میں تعاون بڑھانے ، خصوصاً زیتون کی کاشت، پراسیسنگ اور جدید ٹیکنالوجی کی منتقلی پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ اس کے علاوہ پاکستان اور پرتگال کے ٹیکسٹائل اداروں کے درمیان روابط مضبوط بنانے کے امور بھی زیرِ بحث آئے ۔ملاقات میں افرادی قوت کی نقل و حرکت، پیشہ ورانہ مہارتوں کی ترقی، تعلیمی تعاون، ثقافتی تبادلوں اور علاقائی و عالمی صورتحال پر بھی بات چیت ہوئی۔دونوں فریقوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اس دورے کے نتیجے میں طے پانے والے امور کو عملی شکل دینے اور دونوں ممالک کے لیے ٹھوس نتائج حاصل کرنے کے لیے مل کر کام کیا جائے گا۔ علاوہ ازیں وزیراعظم سے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی ملاقات کی، وزیراعظم سے ملاقات میں وزیر داخلہ نے وزیراعظم کو ملک کی امن و امان کی صورتحال پر بریفنگ دی،ملاقات میں موجودہ ملکی صورتحال خصوصاً خیبرپختونخوا میں سکیورٹی اقدامات پر بات چیت ہوئی۔ وزیر داخلہ نے مجوزہ دورہ پشاور کے حوالے سے وزیراعظم کو اعتماد میں لیا اور رہنمائی بھی لی ۔

 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...