مجھے منہ چھپانے کی ضرورت نہیں ، اپنی فکر کر یں:رانا ثنا اللہ
زرداری کو ایک سے زیادہ مرتبہ محسن کو بیٹا کہتے سنا،صوبوں کا معاملہ پارلیمنٹ میں حل ہوگا جو اربوں روپے کے فنڈدیتے ہیں انہوں نے وارداتیں بھی ڈالنی ہوتی ہیں :مشیر وزیراعظم
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم کے مشیر سیاسی امور رانا ثنااللہ نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کو جواب دیتے ہوئے کہا مجھے منہ چھپانے کی ضرورت نہیں، ہم نے تو ہمیشہ منہ اور سینہ کھلا رکھا ہے ، آپ اپنی فکر کریں ، جب منہ چھپانے کی ضرورت پڑے تو اس قابل ہوں،مجھے ایسی ضرورت نہیں پڑے گی، اگر دلیل ہے تو شارٹ ٹیمپرڈ ہونے کی کیا ضرورت ہے ، یہ جواب میں کہیں کہ یہ کردوں گا وہ کردوں گا، بسم اللہ کریں جوکام آپ نے کرنا ہے ۔ ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا محسن نقوی نے نئے صوبوں کے قیام کا معاملہ الجھا کر متنازعہ بنا دیا ہے ، اب یہ معاملہ پارلیمنٹ میں حل ہوگا اور اتفاق رائے کے بغیر آگے نہیں بڑھ سکتا،محسن نقوی بڑے شوق سے تبصرہ کریں، میرے جیسا آدمی دھمکیوں سے ڈرنے والا نہیں۔انہوں نے کہا محسن نقوی کیا قائد اعظم ہیں کہ ان کی ذات پر میں 3 سال سے تبصرہ کررہا ہوں؟ ،میں نے کبھی محسن نقوی کی ذات پر تبصرہ کیا نہ کروں گا، وہ جو ہیں میرے خیال میں بس وہی ہیں، اس پر تبصرے کی ضرورت ہی نہیں، میں نے کبھی محسن نقوی کی ذات پر تبصرہ نہیں کیا بلکہ بطور کولیگ اور سیاسی کارکن ان کی کارگزاری پر بات کرنا میرا حق ہے ۔ میں نے ہمیشہ انہیں وزیر داخلہ کہہ کر مخاطب کیا، کبھی چیئرمین پی سی بی نہیں کہا۔رانا ثنااللہ نے کہا میرے خیال میں سسٹم ناکام نہیں ہوا بلکہ اسے ناکام کیا گیا ہے اور اس میں سیاستدانوں اور دیگر کا عمل دخل ہے ۔ شہباز شریف کا وزیراعظم بننا نیک فال ثابت ہوا ہے ، جو ناکامی ہمارے لیول پر ہو اس پر ہمیں رد عمل کے بجائے قبول کرنا چاہیے ۔ محسن نقوی نے کہا کہ سسٹم گر گیا، اس کے بعد سے ابھی تک اسی بات پر بحث ہو رہی ہے ، محسن نقوی یہ بات لے کر چلے ہیں۔
انہیں اب اس کی ذمہ داری لینی چاہیے ۔ انہوں نے نئے صوبوں سے متعلق معاملے کو الجھا دیا ہے ۔ اپنی ناکامیوں پر ناراض ہونے اور ردعمل دینے کے بجائے انہیں تسلیم کرنا چاہیے ۔وزیراعظم کے مشیر نے کہا کہ محسن نقوی اب تک آصف زرداری اور بلاول بھٹو کو آن بورڈ کیوں نہیں لے سکے ؟ صدر زرداری اور بلاول بھٹو کہہ رہے ہیں کہ ان سے تو کسی نے بات ہی نہیں کی، تو پھر 4 ماہ تک آپ کیا کرتے رہے ہیں؟۔ رانا ثنااللہ نے کہا میں نے صدر آصف علی زرداری کو ایک سے زیادہ مرتبہ یہ کہتے سنا ہے کہ محسن نقوی ان کے بیٹے ہیں۔ جب بھی ہم ایوان صدر گئے ہیں محسن نقوی وہاں موجود ہوتے ہیں۔ نئے صوبوں کے قیام کا معاملہ اب پارلیمنٹ میں حل ہوگا، اتفاق رائے ہوگا یا نہیں اس حوالے سے کچھ کہنا قبل از وقت ہے ۔رانا ثنااللہ نے مزید کہا کہ محسن نقوی نے اپنی تقریر میں وزیراعظم سے متعلق غیر متعلقہ ریمارکس دئیے اس لئے اعتراض کیا۔ رانا ثنا اللہ نے کہا ہمارے بزنس مین لاکھوں کی تعداد میں ہیں، وہ ملک کی خدمت کر رہے ہیں، وہ چند لوگ جو آپ کے دوست ہیں میں نے ان سے متعلق بات کی، آپ نے فرمایا کہ وہ سیاسی جماعتوں کو اربوں روپے کے فنڈز دیتے ہیں، او میرے بھائی وہ تو کسی کو بخار نہ دیں اربوں روپیہ کیوں دیتے ہیں کسی کو؟ اربوں روپے اسی لیے دیتے ہیں جو بات میں نے کی کہ بعد میں اربوں روپے کی وارداتیں بھی ڈالنی ہوتی ہیں، سیاسی جماعتیں لیتی ہوں گی، سیاستدان اربوں روپے لیتے ہوں گے۔
، میں اپنی اور اپنی جماعت کی بات کرتا ہوں، چیلنج ہے بتائیں کس نے ہمیں اربوں روپے دئیے ، بتائیں ان میں سے کس نے ن لیگ کو اربوں ،لاکھوں یا 100 روپے بھی دئیے ہوں۔انہوں نے کہا ریفرنڈم پر کوئی سمجھوتا، راستہ نکل سکتا ہے ، پیپلزپارٹی اب ریفرنڈم پر میدان میں آگئی ہے کہ ہم ریفرنڈم کو نہیں مانتے ، میرا خیال ہے کہ پارلیمنٹ میں پیپلزپارٹی سے بات کی جائے تو راستہ نکل سکتا ہے ، پیپلزپارٹی ریفرنڈم کی اس لیے مخالفت کررہی ہے کہ بعد میں یہ معاملہ آئینی عدالت لے جایا جائے گا، پیپلزپارٹی کو یقین دہانی کرائی جائے کہ آئین پر ہی عمل ہوگا، عوام سے رہنمائی لے لی جائے تو اس نقطے پر اتفاق رائے بن سکتا ہے ۔انہوں نے کہا یہ پراجیکٹ تو محسن نقوی لے کر چل رہے ہیں ہم کیسے ان کو کراس کریں، بلاول بھٹو اور صدر زرداری کو یہ سب کچھ میں نے کہنا ہے تو پھر محسن نقوی نے کس کو کہنا ہے ، انہوں نے کیا پھر صرف دھمکی دینی ہے کہ یہ کرلوں گا وہ کرلوں گا، وزیراعظم نے جو اپنی پوزیشن رکھی ہے اسی سے آگے راستہ نکل سکتا ہے ورنہ تو پھر خرابی ہے ، 30جولائی کو جب محسن نقوی نے پہلی بار یہ بات کی میں نے اسی دن کہا تھا کہ اس کا فورم پارلیمنٹ ہے ، اب یہ معاملہ پارلیمنٹ کی طرف رخ کرچکا ہے مگر بسیار خرابی کے بعد، اگر پہلے دن معاملہ پارلیمنٹ کی رخ پر آجاتا تو یہ ساری چیزیں نہ ہوتیں، یہ معاملہ پارلیمنٹ میں آئے گا تو ن لیگ اور وزیراعظم بھرپور کردار ادا کریں گے لیکن ہمارا ہدف اتفاق رائے ہوگا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments