جو بھی ری سیٹ ہوگا جمہوری ہوگا:بلاول

جو بھی ری سیٹ ہوگا جمہوری ہوگا:بلاول

اداروں پر اعتماد بحال،ایسا نظام بنانا ہو گا جس میں کرپشن نہ ہو، سیاسی تقسیم چھوڑکر عوام کا سوچیں سندھ یوتھ کارڈ کا افتتاح ،پہلے مرحلے میں 1لاکھ نوجوان مستفید ہونگے :تقریب سے خطاب

کراچی (سٹاف رپورٹر) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے حکومت سندھ کے ایک منفرد اقدام کے تحت بے روزگار نوجوانوں کو مالی معاونت اور مختلف سہولیات فراہم کرنے کے لیے شروع کیے گئے پاکستان کے پہلے پروگرام ’’سندھ یوتھ کارڈ‘‘کا افتتاح کردیا۔ انہوں نے کہا وہ دن دیکھنا چاہتے ہیں جب سندھ ہی نہیں بلکہ پورے ملک کے نوجوان اس پروگرام سے مستفید ہوں گے ۔ بلاول بھٹو نے کہا موجودہ معاشی حالات میں اگر کوئی طبقہ سب سے زیادہ مشکلات کا شکار ہے تو وہ نوجوان ہیں، جن کے لیے مہنگائی اور بے روزگاری نے زندگی مشکل بنا دی ہے ۔ میڈیا سیل بلاول ہاؤس سے جاری پریس ریلیز کے مطابق پی پی پی چیئرمین نے سندھ یوتھ کارڈ کے اجرا کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے زور دیا کہ نوجوانوں کا اعتماد بحال کرنے کے لیے اگر کوئی ری سیٹ ہونا ہے تو وہ جمہوری ری سیٹ ہے ، جمہوری ری سیٹ کے ذریعے ہی عوام کی نظام میں شمولیت اور دلچسپی بحال ہو سکتی ہے ۔ اس عمل کے ذریعے پارلیمان کی بالادستی، عدلیہ پر اعتماد، انتخابی نظام پر اعتماد اور احتساب کے نظام کو بحال کرنا ہوگا، ملک کا بچہ بچہ کرپشن سے نفرت کرتا ہے ، نظام کو ایسا بنایا جائے کہ کرپشن کے راستے بند ہوں، دوسرا یہ کہ ایسا نظام بنایا جائے جو بلا تفریق کام کرے اور انتقام لینے کے بجائے حالات کو درست کرنے پر توجہ دے ۔

انہوں نے امید کا اظہار کیا کہ سب مل کر ایسی جدوجہد اور محنت کریں گے جس سے حکومت اور اپوزیشن کے درمیان اعتماد بحال ہو اور عوام کا اپنے نظام، پارلیمان، عدلیہ، میڈیا اور احتساب کے نظام پر اعتماد دوبارہ قائم ہو۔ اتحاد اور ہم آہنگی پیدا کرکے ملک کو درپیش ہر چیلنج کا مقابلہ کیا جا سکتا ہے ، لیکن اگر باہمی لڑائی اور تقسیم کا سلسلہ جاری رہا تو کسی بھی بحران سے نمٹنا ممکن نہیں ہوگا، پھر پاکستان کے ساتھ جو منفی نتائج ہوں گے ، ان پر یہی نوجوان ہم سے حساب لیں گے کہ آپ نے ہمیں ان مشکلات سے بچانے کے لیے کیا کیا؟ میں کم از کم یہ چاہتا ہوں جب مجھ سے یہ سوال پوچھا جائے تو میں فخر سے سر اٹھا کر کہہ سکوں کہ میری نیت اچھی تھی، میں نے خون پسینے کی محنت اس لیے کی کہ ملک میں ایسے حالات پیدا ہوں جن سے ہم سب آپ کی خدمت کر سکیں، اگر میں کامیاب ہوا تو یہ عوام اور ملک کے فائدے میں ہوگا اور اگر ناکام بھی ہوا تو تاریخ یاد رکھے گی کہ ایک نوجوان کھڑا ہوا اور اس نے کوشش کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ یوتھ کارڈ حکومت سندھ کی جانب سے نوجوانوں کے لیے یہ پیغام ہے کہ صوبائی حکومت ان کے ساتھ کھڑی ہے ، گزشتہ دو ہفتوں کے دوران یہ اپنی نوعیت کا تیسرا اہم پروگرام ہے ، آج ہم ایک نیا انقلابی قدم اٹھا رہے ہیں، سندھ حکومت ایک بار پھر پاکستان کے دیگر صوبوں اور وفاق سے پہلے ایک انقلابی اقدام کا آغاز کرتے ہوئے سندھ یوتھ کارڈ کا اجرا کر رہی ہے ۔

اس پروگرام کے پہلے مرحلے میں 15 سے 29 سال عمر کے ایک لاکھ نوجوان مستفید ہوں گے ، آگے چل کر ہم نوجوانوں تک براہ راست ایسی سہولیات پہنچائیں گے جن سے انہیں مالی اور دیگر مدد مل سکے گی۔ پہلے مرحلے میں ایک لاکھ نوجوانوں کی رجسٹریشن کی جائے گی اور اس کارڈ کے ذریعے انہیں ملکی معیشت اور عالمی بینکاری نظام سے بھی منسلک کیا جائے گا، کارڈ ہولڈرز کو ٹرانسپورٹ سمیت نجی شعبے کے مختلف اداروں، دکانوں، ریستورانوں اور جم وغیرہ کی سہولیات رعایتی نرخوں پر دستیاب ہوں گی۔ چیئرمین بلاول بھٹو نے یوتھ کارڈ کے اجرا کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام سندھ کے نوجوانوں کے لیے صوبائی حکومت کا واضح پیغام ہے کہ ہم آپ کے دکھ کا احساس کرتے ہیں۔ ہمارے وسائل محدود ہو سکتے ہیں، لیکن ان محدود وسائل کے باوجود ہم آپ تک مدد پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ یوتھ کارڈ کے ذریعے ملک اور بیرون ملک اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے خواہش مند نوجوانوں کو اسکالرشپس اور دیگر مالی معاونت بھی فراہم کی جائے گی۔

بلاول بھٹو نے ایک بار پھر اس بات پر زور دیا کہ علاقائی اور عالمی سطح پر درپیش مشکل حالات کے پیش نظر پاکستان کے سیاستدانوں اور حکمرانوں پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ نفرت اور تقسیم کی سیاست ترک کرکے عوام کی خدمت پر توجہ دیں، ہمیں ایسے حالات پیدا کرنے ہوں گے جہاں ہمارا نظام اور حکومت آنے والے حالات کا مقابلہ کر سکیں، تیزی سے بگڑتے ہوئے خطرناک معاشی حالات کا سامنا کرنے کے لیے کسی بھی قوم میں اتحاد پیدا کرنا ضروری ہے ، اختلاف رائے کو ایک طرف رکھ کر متحد ہونا اور قومی مفاد کے بارے میں سوچنا پڑے گا، اس کے لیے ہمیں اپنا نظام ایسا بنانا ہوگا جس پر پاکستان کے عوام اعتماد کریں، نہ صرف پاکستان کی حکومت بلکہ اپوزیشن بھی اس نظام پر اعتماد کرے ، جب سب اعتماد کریں گے تب ہی سب مل کر ان حالات کا مقابلہ کر سکیں گے ۔ انہوں نے کہا ملک کا نظام ایسا ہونا چاہیے جس پر نوجوانوں کو تمام اداروں اور نظام کے مختلف اجزا کے حوالے سے اعتماد ہو اور انہیں یہ احساس ہو کہ یہ نظام ان کے لیے ہے کسی اور کے لیے نہیں۔ میں بیس سال سے پاکستان کی سیاست میں ہوں اور اس سے کچھ کم عرصے سے پارلیمان کا حصہ بنا ہوں، تمام سیاسی جماعتوں اور سیاستدانوں سے رابطہ رہا ہے اور آج ہم جہاں کھڑے ہیں، اگر میں خود مایوس ہوں تو پاکستان کے عوام اور نوجوانوں کا کیا حال ہوگا؟ ۔ واضح رہے کہ یہ پروگرام ابتدائی طور پر سندھ کے تمام 30 اضلاع میں 15 سے 29 سال کی عمر کے ایک لاکھ نوجوانوں کو فائدہ پہنچائے گا جبکہ اس کا وسیع تر ہدف مستفید ہونے والوں کی تعداد 10 لاکھ تک بڑھانا ہے ۔

رجسٹریشن 23 نومبر سے شروع ہے ۔ یہ کارڈ سہولیات کا ایک مربوط پیکیج پیش کرتا ہے ، جس میں ڈیجیٹل بینک اکاؤنٹس اور ویزا ڈیبٹ کارڈز، اسکالرشپس، پیشہ ورانہ اور ڈیجیٹل ہنر کی تربیت، 180 سے زائد شراکت دار کاروباروں پر رعایتیں، ٹرانسپورٹ میں رعایتی سہولیات، ملازمتوں کی فراہمی، معاوضہ والی انٹرن شپس اور کاروباری معاونت شامل ہیں، جن میں 5لاکھ روپے تک کے مجوزہ سود پر سبسڈی والے قرضے بھی شامل ہیں۔ اس موقع پر خطاب میں وزیر اعلیٰ سید مراد علی شاہ نے سندھ یوتھ کارڈ کو ایک روایتی کارڈ سے کہیں بڑھ کر قرار دیتے ہوئے اسے نوجوانوں کو صوبے کے ترقیاتی ایجنڈے کے مرکز میں رکھنے کا ایک عملی عزم قرار دیا۔ انہوں نے کہا سندھ اور پاکستان کا مستقبل ان مواقع پر منحصر ہے جو ہم آج اپنے نوجوانوں کے لیے پیدا کرتے ہیں، وہ محض کل کے رہنما نہیں ہیں، وہ آج بھی ترقی، جدت اور تبدیلی کی ایک اہم قوت ہیں۔ یہ اقدام رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے تیار کیا گیا ہے تاکہ معاشی حالات یا سماجی پس منظر کے بجائے صلاحیت، قابلیت اور عزم نوجوانوں کے لیے دستیاب مواقع کا تعین کریں۔ سندھ یوتھ کارڈ ہمارے عزم کا ایک عملی اظہار ہے ، یہ محض ایک کارڈ سے کہیں زیادہ ہے ، یہ مواقع، شمولیت اور بااختیار بنانے کا ایک پلیٹ فارم ہے ۔ پی پی پی چیئرمین کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے مراد شاہ نے کہا کہ نوجوانوں کی ترقی، سماجی انصاف اور مساوی مواقع پر ان کے زور نے اس اقدام کے لیے وژن اور سمت فراہم کی۔یہ پروگرام نوجوانوں کے لیے ایک جامع معاونتی نظام قائم کرنے کے لیے سرکاری محکموں، تعلیمی اداروں، مالیاتی اداروں اور نجی شعبے کے شراکت داروں کو یکجا کرے گا۔ تقریب کا اختتام بلاول بھٹو زرداری کے ہاتھوں سندھ یوتھ کارڈ کے باضابطہ افتتاح کے ساتھ ہوا۔علاوہ ازیں بلاول بھٹو زرداری سے برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے بلاول ہاؤس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں دوطرفہ باہمی تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دوسری جانب بلاول بھٹو سے وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ، وزیر محنت سعید غنی اور میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے بھی بلاول ہاؤس میں ملاقات کی۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...