پاکستان، پرتگال کا سفارتی پاسپورٹ پر ویزا ختم کرنے پر اتفاق
تجارت،سرمایہ کاری بڑھانے کا عزم، سندھ طاس معاہدہ معطلی غیر قانونی:اسحق ڈار پاکستان کا عالمی امن، سفارت کاری اور غزہ کیلئے کردار قابل ستائش، پرتگالی وزیر
اسلام آباد (وقائع نگار)پاکستان اورپرتگال نے سفارتی پاسپورٹ پر ویزا ختم کرنے ، تجارت اورسرمایہ کاری بڑھانے پر اتفاق کیا ہے ، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان اور پرتگال نے سفارتی پاسپورٹ رکھنے والوں کیلئے ویزا ختم کرنے کی مفاہمتی یادداشت پر دستخط کر دئیے ، دونوں ممالک تجارت، سرمایہ کاری، زراعت، توانائی اور کھیلوں کے شعبوں میں تعاون بڑھائیں گے جبکہ علاقائی مسائل کے حل کیلئے مذاکرات اور سفارت کاری کو ترجیح دینے پر اتفاق کیا گیا ہے ۔ڈار کا کہنا تھا کہ پاکستان پرتگال کو اہم دوطرفہ شراکت دار سمجھتا ہے ، دونوں ممالک کے درمیان تجارت حقیقی استعداد سے کم ہے ، اس مقصد کیلئے تجارتی رکاوٹوں کی نشاندہی اور مشترکہ اقدامات کیلئے ورکنگ گروپ قائم کرنے کی تجویز دی گئی ہے ۔
انہوں نے پرتگالی کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ انہیں خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کا تعاون حاصل ہوگا۔ زراعت، خصوصاً زیتون کی کاشت و پراسیسنگ، قابل تجدید توانائی، ٹیکنالوجی، بندرگاہوں اور افرادی قوت کی نقل و حرکت میں تعاون بڑھایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاری کے تحفظ، زرعی تعاون اور دوہرے ٹیکس سے بچاؤ کے معاہدے سے متعلق امور پر بھی پیش رفت کی جائے گی۔ پاکستان نے پرتگال کو مجوزہ لیبر موبیلٹی پارٹنرشپ پر غور کرنے کی دعوت بھی دی ہے ۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان فلسطینی عوام کے حقوق کی حمایت کرتا ہے اور غزہ میں امداد کی بلا روک ٹوک فراہمی کا خواہاں ہے ۔ مسئلہ جموں و کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہونا چاہیے ۔
، جبکہ افغان سرزمین کسی ملک کے خلاف دہشت گردی کیلئے استعمال نہیں ہونی چاہیے ۔ انہوں نے سندھ طاس معاہدے کی یکطرفہ معطلی کو بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی اور پاکستان کی آبی، غذائی و توانائی سلامتی کیلئے خطرہ قرار دیا۔پرتگالی وزیر خارجہ پاؤلو رینجل نے کہا کہ پرتگال پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات اور اقتصادی تعاون کو مزید مستحکم کرنا چاہتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 19 سال بعد وزارتی سطح پر پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان 77 سالہ سفارتی تعلقات اہمیت کے حامل ہیں۔ پاکستان کا عالمی سیاست، علاقائی امن اور اقوام متحدہ میں کردار قابل ستائش ہے ۔ انہوں نے غزہ کے معاملے پر پاکستان کے مؤقف اور عالمی تنازعات کے حل کیلئے سفارت کاری و مذاکرات کی کوششوں کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ پرتگال تجارت، سرمایہ کاری اور مختلف شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تعاون بڑھانے کا خواہاں ہے اور پاکستانی کمیونٹی دونوں ممالک کے تعلقات کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہی ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments