گندم 6 ہزار روپے من ہو چکی، مہنگائی ،بیروزکاری سے عوام کی زندگی اجیرن:پیپلزپارٹی
آئین میں طے شدہ امور کو چھیڑنے ، صوبوں کے اختیارات محدود کرنے کی کوشش کے نتائج تباہ کن ہو سکتے ہیں تمام سیاسی جماعتیں انتخابی عمل اور الیکشن کمیشن پر عدم اعتماد کرچکی ہیں:ندیم افضل چن ،چودھری منظور کی پریس کانفرنس
لاہور (سٹاف رپورٹر )پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات ندیم افضل چن نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے آئین، وفاقی نظام، صوبائی خودمختاری اور جمہوری اداروں کے تحفظ کے لیے دوٹوک موقف اختیار کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ آئین میں طے شدہ امور کو چھیڑنے اور صوبوں کے اختیارات محدود کرنے کی کسی بھی کوشش کے نتائج ملک کے لیے تباہ کن ہو سکتے ہیں۔
پیپلز سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں انچارج پیپلز لیبر بیورو چودھری منظور احمد اور سیکرٹری اطلاعات پی پی وسطی پنجاب شہزاد سعید چیمہ کیساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مرکزی سیکرٹری اطلاعات نے کہا ہے کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سیاسی و پارلیمانی ری سیٹ اور سیاسی انتقام کے خاتمے کی بات کرکے ایک واضح اور ذمہ دارانہ قومی موقف پیش کیا ہے ، جبکہ پیپلز لیبر بیورو کے انچارج چودھری منظور احمد نے کہا ہے کہ ریفرنڈم عوام کی رائے تو ہو سکتا ہے لیکن اسے آئینی مینڈیٹ یا آئین میں تبدیلی کا متبادل قرار نہیں دیا جا سکتا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ آئین کے ساتھ چور دروازے سے کھلواڑ کرکے 58 ٹو بی جیسے اختیارات دوبارہ متعارف کرانے کی کوشش ملک کو انتشار کی طرف دھکیل سکتی ہے ۔
ندیم افضل چن نے کہا کہ پاکستان کی تقریباً 40 فیصد آبادی غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزار رہی ہے ۔ مہنگائی اور بے روزگاری نے عوام کی زندگی اجیرن کر رکھی ہے ۔ندیم افضل نے کہا کہ بنیادی سوال یہ ہے کہ کیا عوام کو الیکشن کمیشن پر اعتماد ہے ؟ تمام سیاسی جماعتیں کسی نہ کسی انداز میں انتخابی عمل اور الیکشن کمیشن پر عدم اعتماد کا اظہار کرتی رہی ہیں، قومی معاملات پر بات کرنا کسی ایک سیاسی جماعت کا نہیں بلکہ سب کا حق ہے ۔محروم علاقوں کو یہ سبق پڑھایا گیا ہے کہ نئے صوبے بننے سے ان کے حالات بہتر ہو جائیں گے ۔ کم از کم لاہور کے اختیارات ڈیرہ غازی خان کے عوام کو منتقل ہو جائیں تو یہ ایک مثبت پیش رفت ہوگی۔ آج عوام پوچھ رہے ہیں کہ بلدیاتی نظام کیوں نہیں لایا جا رہا، گندم کی قیمت چھ ہزار روپے فی من تک پہنچ چکی ہے اور مہنگائی نے عام آدمی کی کمر توڑ دی ہے ۔ بلاول بھٹو زرداری نے لڑائی یا تقسیم کی بات نہیں کی بلکہ سب کو جوڑنے اور قومی اتفاق رائے پیدا کرنے کی بات کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر وزیراعظم استعفیٰ دے دیں تو پیپلز پارٹی بھی حکومت سے الگ ہو جائے گی، بلاول بھٹو کی نشستیں چھوڑنے کی بات تحریک انصاف کے تناظر میں تھی، کیونکہ پیپلز پارٹی نشستیں چھوڑے گی تو وہ ن لیگ کے پاس چلی جائیں گی۔ ملک لڑائیوں سے نہیں بلکہ مل بیٹھنے اور بات چیت سے چلے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments