محسن نقوی کی چودھری شجاعت، فیصل کنڈی سے ملاقاتیں

محسن نقوی کی چودھری شجاعت، فیصل کنڈی سے ملاقاتیں

عوامی منشا کے مطابق فیصلے کرنا وقت کا تقاضا،پی ایس ایل کا آغاز پشاور سے ہوگا:نقوی نئے صوبے ،آج درست قدم نہ اٹھایا تو کل معاف نہیں کریگا:شجاعت

اسلام آباد،پشاور(نامہ نگار،مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے صدر مسلم لیگ ق چودھری شجاعت اور گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے ملاقاتیں کیں۔ چودھری شجاعت سے ملاقات میں اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی کے حوالے سے بات چیت ہوئی۔ملاقات میں ملک کی مجموعی صورتحال اور امن و امان کے حکومتی اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ نئے صوبوں کے قیام کا تعلق براہِ راست عوام کی سہولت،  بہتر طرزِ حکمرانی، انتظامی کارکردگی اور ملکی مستقبل سے ہے ۔ انتظامی یونٹس کو مضبوط اور بااختیار بنانا بھی ایک مؤثر راستہ ہو سکتا ہے ۔مسلم لیگ ق کے سربراہ نے کہا کہ پاکستان کے سب سے بڑے سٹیک ہولڈرز پاکستان کے عام لوگ ہیں، آج درست سمت میں قدم نہ اٹھایا تو کل معاف نہیں کرے گا۔محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان کے عوام کی منشا کے مطابق تمام تر فیصلے کرنا وقت کا اولین تقاضا ہے ۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے بلوچستان اور کے پی کے میں انسداد دہشتگردی اور قیام امن کے لیے کئے گئے اقدامات بارے آگاہ بھی کیا۔ وفاقی وزیر اوورسیز پاکستانیز چودھری سالک حسین اور صوبائی وزیر صنعت چودھری شافع حسین بھی موجود تھے ۔

بعد ازاں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی گورنر ہائوس پشاور پہنچے جہاں انہوں نے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے ملاقات کی، ملاقات میں اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔گورنر فیصل کریم کنڈی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں امن و امان کا قیام ہماری پہلی ترجیح ہے ، دہشت گردی کے خلاف جنگ فیصلہ کن مرحلے میں ہے ، عوام کی مدد سے یہ جنگ جیتیں گے ، انکروچمنٹ کے خلاف کریک ڈائون شروع کیا ہے جبکہ غیر قانونی مائننگ کے خلاف بھی کارروائی کی گئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ مائننگ کے لیے ٹاسک فورس بنائی اور ٹھیکے منسوخ کیے گئے ہیں، اب مائننگ کے ٹھیکے صرف کمپنیوں کی بنیاد پر دئیے جائیں گے ، کسی شخصیت کے نام پر ٹھیکہ نہیں دیا جائے گا۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ غیر قانونی مائننگ میں ملوث افراد کے لائسنس بھی منسوخ کیے گئے ہیں، انہوں نے ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں فنڈز فراہم کرنے پر فیلڈ مارشل کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت نے صوبے کے لیے 160 ارب روپے کا پیکیج دیا ہے ۔اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے کہ معاملات میں تیزی سے بہتری آ رہی ہے ، گورنر نے ہمیشہ ملاقاتوں میں پشاور میں کرکٹ کی بحالی کا مطالبہ کیا۔محسن نقوی نے اعلان کیا کہ 12 سال بعد مارچ میں پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل)کی افتتاحی تقریب اور پہلا میچ پشاور میں ہوگا، پشاور اور خیبرپختونخوا کے عوام کو مبارکباد دیتا ہوں۔وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ جنوری کے تیسرے ہفتے میں پشاور میں تین ٹیموں کے درمیان ٹی 20 مقابلے بھی کرائے جائیں گے ۔

 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...