پٹرولیم قیمتوں کا روزانہ تعین ختم ورنہ کاروباربند:ڈیلرز
حکومت کو 15 روز کی مہلت ،منافع 8 فیصد کیا جائے ، پٹرولیم ڈیلرز ایسویسی ایشن قیمتوں میں روزانہ ردوبدل سے نقصان کا سامنا ہے ،آل پاکستان پٹرول پمپس اونرز
کراچی،اسلام آباد (این این آئی،اپنے رپورٹر سے ) پاکستان پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے حکومت کو خبردار کیا ہے کہ اگر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کا دورانیہ 30 روز مقرر نہ کیا گیا تو ڈیلرز کاروبار بند کرنے پر مجبور ہوجائیں گے ، ایسوسی ایشن نے حکومت کو مسئلے کے حل کے لیے 15 روز کی مہلت دیتے ہوئے کہا ہے کہ روزانہ بنیادوں پر قیمتوں میں ردوبدل کے باعث پٹرول پمپ مالکان کا سرمایہ تیزی سے ختم ہورہا ہے ۔کراچی پریس کلب میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایسوسی ایشن کے چیئرمین ملک خدا بخش، وائس چیئرمین طارق حسن، انور کمال، صدر سندھ ریجن امیر خان اور صدر کراچی ریجن سعید خان نے کہا کہ یومیہ بنیادوں پر پٹرولیم قیمتوں میں تبدیلی سے ڈیلرز کا ورکنگ کیپیٹل متاثر ہورہا ہے ،اگر سرمایہ ختم ہوگیا تو پٹرول پمپس پر ایندھن کی فراہمی بھی متاثر ہوگی، جس سے عوام کو مشکلات اور امن و امان کی صورتحال خراب ہونے کا خدشہ ہے ۔
ملک خدا بخش نے کہا کہ روزانہ قیمتوں میں ردوبدل ڈیلرز کے لیے ناقابل برداشت ہوگیا ہے ،پٹرول پمپس بند کرنے کی نوبت آسکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پٹرولیم ڈیلرز روزانہ قومی خزانے میں 5 ارب 74 کروڑ روپے جمع کراتے ہیں جبکہ حکومت نے ڈیلرز کا منافع بڑھانے کا وعدہ بھی کیا تھا،صدر سندھ ریجن امیر خان نے کہا کہ پٹرولیم ڈیلرز کا منافع کم از کم 8 فیصد مقرر کیا جائے ،طارق حسن اور انور کمال نے کہا کہ حکومت کی جانب سے ریفائنریز اور آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کی آڈٹ رپورٹس حاصل کی گئیں، جن میں ان کمپنیوں کے نمایاں منافع کا انکشاف ہوا، جبکہ پٹرولیم ڈیلرز کو اپنے آپریشنل اخراجات پورے کرنے کے لیے مناسب منافع نہیں مل رہا۔ آل پاکستان پٹرول پمپس اونرز ایسوسی ایشن کے وائس چیئرمین نعمان علی بٹ نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ تبدیلی کا نظام ختم کرکے ماہانہ قیمتوں کا نظام بحال کیا جائے ، موجودہ نظام کے باعث پٹرول پمپ مالکان کو مالی نقصانات، کاروباری مشکلات اور غیر یقینی صورتحال کا سامنا ہے ۔نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں صدر راولپنڈی اسلام آباد پٹرول پمپس اونرز ایسوسی ایشن سردار ظہیر، چودھری آصف محمود اور دیگر عہدیداران کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے نعمان علی بٹ نے کہا کہ ڈیلرز ایک قیمت پر پٹرولیم مصنوعات خریدتے ہیں تاہم قیمتوں میں کمی کی صورت میں انہیں موجودہ سٹاک کم نرخوں پر فروخت کرنا پڑتا ہے جس سے براہ راست مالی نقصان ہوتا ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments