ریکارڈ میں نام ، ملکیت کا حتمی حق ثابت نہیں ہوتا:وفاقی آئینی عدالت
قانونی کارروائیوں کا جائزہ ضروری، گوردوارہ کی اراضی متروکہ املاک قرار، اپیل مسترد حتمی تقسیم کے بعد حصے کا خریدار پرانی کارروائی نہیں کھلوا سکتا، ہائیکورٹ فیصلے برقرار
اسلام آباد (کورٹ رپورٹر)محض محکمہ مال کے ریکارڈ میں کسی اراضی کا نام ملکیتی خانے میں درج ہونے سے ملکیت کا حتمی حق ثابت نہیں ہوتا، متعلقہ ریکارڈ اور بعد کی قانونی کارروائیوں کا مجموعی جائزہ لینا ضروری ہے ، وفاقی آئینی عدالت نے لاہور کے ماڈل ٹاؤن میں گوردوارے کیلئے مختص 35 کنال سے زائد اراضی کو متروکہ وقف املاک قرار دینے کے خلاف کوآپریٹو ماڈل ٹاؤن سوسائٹی کی اپیل مسترد کر دی۔ جسٹس سید ارشد حسین شاہ اور جسٹس روزی خان بریچ پر مشتمل دو رکنی بینچ نے جاری فیصلے میں قرار دیا کہ 1942-43 کی جمع بندی میں سوسائٹی کا نام ملکیتی خانے میں درج ہونا تاریخی شہادت کا اہم حصہ ہو سکتا ہے تاہم اس کی قانونی اہمیت کا تعین بعد کی کارروائیوں اور مکمل ریکارڈ کی روشنی میں کیا جائے گا۔
ریکارڈ میں خسرہ نمبر 1789 غیر ممکن گوردوارہ اور گوردوارہ پربندھک کے زیر قبضہ بھی ظاہر کیا گیا لہٰذا دونوں اندراجات کو الگ الگ نہیں بلکہ مجموعی طور پر دیکھنا ضروری ہے ۔ اپیل میرٹ سے عاری ہونے کے باعث خارج کر دی گئی۔ دریں اثنا وفاقی آئینی عدالت نے قرار دیا کہ مشترکہ کھاتے کی تقسیم کا عمل حتمی شکل اختیار کرنے کے بعد جائیداد میں حصے کا خریدار پہلے سے مکمل ہونے والی تقسیم کی کارروائی دوبارہ کھولنے کا حق حاصل نہیں کر سکتا۔ وفاقی آئینی عدالت نے میانوالی میں اراضی کی تقسیم سے متعلق دو مقدمات میں بہادر خان کی اپیلیں خارج کرتے ہوئے اپیل کی اجازت دینے سے انکار کر دیا۔ جسٹس علی باقر نجفی اور جسٹس سید ارشد حسین شاہ پر مشتمل دو رکنی بینچ نے فیصلے میں قرار دیا کہ پہلے مقدمے میں درخواست گزار نے یکم اکتوبر 2013 کو زمین کا حصہ خریدا جبکہ مشترکہ کھاتے کی تقسیم کا حتمی حکم 31 اکتوبر 2012 کو جاری ہو چکا تھا، درخواست گزار ریونیو حکام اور لاہور ہائیکورٹ کے بیک وقت فیصلوں میں مداخلت کا قانونی جواز پیش نہیں کر سکا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments