ریٹائرمنٹ کے دو سال میں کارروائی مکمل کرنا لازم:سپریم کورٹ
کوٹہ ختم کرنے کے فیصلے کا اطلاق ماضی کی بھرتیوں پر نہیں، ملازمین کی بحالی برقرار میڈیکل بورڈ کے تصدیقی سرٹیفکیٹس بغیر انکوائری مسترد نہیں کر سکتے ،فیصلہ جاری
اسلام آباد (کورٹ رپورٹر)ریٹائرڈ سرکاری ملازم کے خلاف محکمانہ کارروائی ریٹائرمنٹ کے دو سال کے اندر مکمل کرنا قانونی تقاضا ہے اور مقررہ مدت گزرنے کے بعد کارروائی جاری رکھنے کا اختیار متعلقہ محکمے کو حاصل نہیں، سپریم کورٹ نے پنجاب حکومت کی اپیلیں جزوی منظور کر لیں۔ جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس شاہد بلال حسن پر مشتمل بینچ نے محکمہ آبپاشی پنجاب کے ملازمین کی میڈیکل بنیادوں پر ریٹائرمنٹ، مبینہ جعلی میڈیکل سرٹیفکیٹس اور ان کے بچوں کی بھرتیوں سے متعلق مقدمات کے جاری فیصلے میں واضح کیا گیا کہ پیڈا ایکٹ میں 2026 کی ترمیم کے ذریعے دو سالہ مدت میں تحریری وجوہات کی بنیاد پر توسیع کا اختیار دیا گیا تاہم ترمیم کا اطلاق مستقبل پر ہوگا اور زیر غور مقدمات پر سابقہ قانون ہی نافذ العمل رہے گا۔ بغیر انکوائری میڈیکل سرٹیفکیٹس جعلی قرار دینا اور ملازمین کے خلاف کارروائی کرنا قانونی تقاضوں کے منافی ہے ۔ کسی ملازم کو ملازمت سے برطرف کرنے یا پنشن روکنے اور وصولی کا حکم دینے سے پہلے اسے اپنا مؤقف پیش کرنے اور صفائی کا مناسب موقع فراہم کرنا ضروری ہے ۔ سپریم کورٹ نے پنجاب سروس ٹربیونل کا ملازمین کی بحالی سے متعلق فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے برطرفی سے 27 اکتوبر 2025 تک کی درمیانی مدت کو تنخواہ کے بغیر غیر معمولی رخصت قرار دے دیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments