پاک ترکیہ عدالتی تعاون کا معاہدہ، مشترکہ ورکنگ گروپ قائم ہوگا

پاک ترکیہ عدالتی تعاون کا معاہدہ، مشترکہ ورکنگ گروپ قائم ہوگا

مالیاتی و سائبر کرائم، آئینی بالادستی، انسانی حقوق تعاون ، تنازعات کا متبادل حل شامل انصاف تک رسائی بہترہوگی:جسٹس یحییٰ، مصنوعی ذہانت، سرحد پار تنازعات چیلنجز:عمر کرکیز

اسلام آباد (کورٹ رپورٹر، خصوصی نامہ نگار)پاکستان اور ترکیہ کی عدلیہ کے درمیان مالیاتی و سائبر کرائم، آئین کی بالادستی، انسانی حقوق، تنازعات کے متبادل حل اور جدید ٹیکنالوجی کے تجربات کے تبادلے سمیت عدالتی تعاون کی مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے ، معاہدے پر عملدرآمد اور مشترکہ اقدامات میں رابطہ کاری کیلئے مشترکہ ورکنگ گروپ بھی قائم کیا جائے گا۔ سپریم کورٹ کے شعبہ تعلقات عامہ کے جاری اعلامیے کے مطابق ترکیہ کے اعلیٰ سطح کے عدالتی وفد کے اعزاز میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان عدالتی تعاون کی مفاہمتی یادداشت کے تحت عدالتی تجربات اور بہترین عالمی طریقئہ کار کے تبادلے سے انصاف تک رسائی، شفافیت اور احتساب کو بہتر بنایا جا سکتا ہے ۔

جسٹس یحییٰ آفریدی اور ترکیہ کی کورٹ آف کیسیشن کے صدر عمر کرکیز نے عدالتی تعاون کی مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے ۔ ترکیہ کی کورٹ آف کیسیشن کے صدر عمر کرکیز نے اس موقع پر کہا کہ ڈیجیٹلائزیشن، مصنوعی ذہانت اور سرحد پار تنازعات عدالتی نظام کیلئے نئے چیلنجز ہیں، بڑھتے ہوئے معاشی تعلقات اور پیچیدہ قانونی معاملات عدالتی تعاون اور مہارت کے تبادلے کے متقاضی ہیں۔ مفاہمتی یادداشت کے تحت دونوں ممالک کی عدلیہ کے درمیان ادارہ جاتی تعاون، عدالتی وفود کے تبادلوں، پیشہ ورانہ تربیت اور قانونی تحقیق کو فروغ دیا جائے گا۔ معاہدے میں سائبر کرائم، مالیاتی جرائم، آئین کی بالادستی، انسانی حقوق، عدالتی اخلاقیات، ماحولیاتی انصاف اور صنفی حساسیت پر مبنی نظامِ انصاف کو تعاون کے اہم شعبوں میں شامل کیا گیا ہے ، متبادل حلِ تنازعات اور عدالتوں میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے متعلق تجربات کا تبادلہ بھی کیا جائے گا۔ قائم مقام چیف جسٹس آزاد جموں و کشمیر رضا علی خان نے بھی تقریب میں شرکت کی جو آزاد جموں و کشمیر کی عدلیہ کی بین الاقوامی عدالتی روابط اور تعاون کے فروغ میں نمائندگی کا عکاس ہے ۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...