عوام کا ریاست سے رشتہ کمزور ہو رہا :ملک احمد
ریفرنڈم پر پارلیمنٹ میں کھل کربات ہونی چاہیے :سپیکر پنجاب اسمبلی پیپلز پارٹی سندھ تقسیم کی مخالف ، پنجاب کیلئے حمایت کیوں؟ :گفتگو
لاہور(سیاسی نمائندہ، مانیٹرنگ ڈیسک)سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہا ہے کہ عوام کا ریاست سے رشتہ کمزور ہو رہا ہے ، وسائل کی منصفانہ تقسیم سے ہی یہ رشتہ مضبوط ہو سکتا ہے ،نئے صوبوں کے معاملے پر پارلیمنٹ میں تمام سیاسی جماعتوں کو کھل کر بحث کرنی چاہیے اور وہ اپنا موقف واضح کریں۔احاطہ پنجاب اسمبلی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ملک محمد احمد خان نے مزید کہا کہ اگر صوبوں کی حدود میں تبدیلی صوبائی اسمبلی کا اختیار ہے تو 2012 میں قومی اسمبلی اور سینیٹ میں پنجاب کی تقسیم سے متعلق قراردادیں کیوں منظور کی گئیں؟ پیپلز پارٹی سندھ میں صوبے کی تقسیم کی مخالفت اور پنجاب میں نئے صوبوں کی حمایت کس منطق کے تحت کرتی ہے ؟ ،پنجاب اسمبلی میں نئے صوبوں کے معاملے پر بات ہونی چاہیے ۔سپیکر پنجاب اسمبلی نے مزید کہا کہ عوامی رائے لینا اور صوبے کی حدود تبدیل کرنا دو الگ معاملات ہیں ،ماضی کے دو ریفرنڈم دور آمریت کے ہیں ، یہ پہلا ریفرنڈم ہوگا جو پارلیمنٹ سے آئے گا، ریفرنڈم کوئی ایسی گرہ نہیں جو عدالتوں سے کھلنی ہے ، وفاق اور صوبوں کے درمیان سیاسی اختلافات کو آئینی دائرے میں رہ کر حل کرنا چاہیے ۔ سپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ نواز شریف کا صوبوں کے حوالے سے بولنا حتمی طور پر بولنا ہوگا، وہ اچھا کر رہے ہیں اور اپنا وقت لے رہے ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments