پاکستان کی پرامن جوہری پروگرام کیلئے تربیت کی پیشکش

پاکستان کی پرامن جوہری پروگرام کیلئے تربیت کی پیشکش

اسلام آباد میں 10سال بعد جوہری تحفظ کے ماہرین کا اجتماع، 49 ممالک شریک

اسلام آباد (دنیا رپورٹ، اے پی پی) پاکستان نے پرامن مقاصد کے لیے جوہری توانائی کے پروگرام شروع کرنے والے ممالک کو جوہری تحفظ کا مؤثر نظام تشکیل دینے کے لیے اپنی مہارت، تربیتی صلاحیتوں اور تجربات سے مستفید کرنے کی پیشکش کرتے ہوئے بین الاقوامی تعاون کے فروغ میں اپنا کردار مزید مؤثر بنانے کے عزم کا اظہار کیا ہے ۔ اس سلسلے میں بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے ) کے اشتراک سے جوہری تحفظ کے تربیتی و معاونتی مراکز کے عالمی نیٹ ورک (این ایس ایس سی نیٹ ورک) کے سالانہ اجلاس 2026 کا آغاز پیر کو پاکستان سینٹر آف ایکسیلینس فار نیوکلیئر سکیورٹی (پی سی ای این ایس) اسلام آباد میں ہوگیا۔ دس سال بعد پاکستان میں دوبارہ منعقد ہونے والے اس چار روزہ عالمی اجلاس میں 49 ممالک کے 68 مندوبین شریک ہیں جو جوہری تحفظ کے جدید چیلنجز، تربیتی ضروریات اور بین الاقوامی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کریں گے ۔

اجلاس 26 نومبر تک جاری رہے گا۔افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی چیئرمین پاکستان نیوکلیئر ریگولیٹری اتھارٹی (پی این آر اے ) ضیا حسین شاہ تھے جبکہ وزارت خارجہ کے ایڈیشنل سیکرٹری سفیر خلیل حسین ہاشمی، آئی اے ای اے کے نمائندوں اور اسلام آباد میں تعینات غیر ملکی سفارتکاروں نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر مہمان خصوصی نے دس سال بعد پاکستان میں اجلاس کی دوبارہ میزبانی کی یادگاری تختی کی نقاب کشائی کی۔ غیر ملکی سفرا اور ماہرین نے پی سی ای این ایس کی مختلف لیبارٹریز کا دورہ بھی کیا اور جوہری تحفظ کی تربیت کے لیے دستیاب جدید سہولیات کو سراہا۔چیئرمین پی این آر اے ضیا حسین شاہ نے کہا کہ پاکستان کا عالمی برادری کیساتھ مہارت کے تبادلے میں بھرپور کردار ہے ، پاکستان آئی اے ای اے کے رکن ممالک، بالخصوص پرامن مقاصد کے لیے جوہری توانائی کے پروگرام شروع کرنے والے ممالک کو اپنے تجربات، مہارت اور تربیتی صلاحیتوں سے استفادے کی پیشکش کرتا ہے تاکہ وہ اپنے قومی جوہری تحفظ کے ڈھانچے کو مضبوط بنا سکیں۔ 

 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...