8لاکھ میٹرک ٹن گندم درآمد کرنے کیلئے ٹینڈر جاری
لاہور (عمران اکبر)وفاقی حکومت نے بیرون ملک سے 8 لاکھ میٹرک ٹن تک گندم درآمد کرنے کیلئے عالمی ٹینڈر جاری کردیا۔۔
، ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان (ٹی سی پی)نے گندم کی درآمد کیلئے تیسرا بین الاقوامی ٹینڈر جاری کرتے ہوئے ملکی و غیر ملکی سپلائرز سے پیشکشیں طلب کرلی ہیں ، درآمدی گندم کی 16 کھیپیں کراچی اور گوادر بندرگاہوں کے ذریعے پاکستان پہنچائی جائیں گی۔ٹینڈر دستاویزات کے مطابق پاکستان میں 2026 کی تازہ فصل کی گندم درآمد کی جائے گی ، ٹینڈر میں کم از کم 50 ہزار میٹرک ٹن گندم کی پیشکش لازمی قرار دی گئی ہے جبکہ مقررہ مقدار میں 10 فیصد کمی یا اضافے کی گنجائش بھی رکھی گئی ہے ،بولیاں جمع کرانے کی آخری تاریخ 30 نومبر 2026 مقرر کی گئی ہے ۔ بولیاں اسی روز دوپہر 2 بجے تک جمع کرائی جاسکیں گی ، تکنیکی جانچ میں کامیاب کمپنیوں کی مالی بولیاں بھی اسی روز کھولی جائیں گی۔ حصہ لینے والی کمپنیوں کے لیے کم از کم پانچ سال کا براہ راست برآمدی تجربہ لازمی قرار دیا گیا ہے ۔ بھارت، اسرائیل اور دیگر ممنوعہ یا پابندی زدہ ممالک سے گندم درآمد کرنے پر پابندی ہوگی۔ ٹینڈر دستاویزات کے مطابق گندم کی ترسیل کے لیے مجموعی طور پر 16 کھیپوں کا شیڈول جاری کیا گیا ہے ، پہلی 8 کھیپیں 25 دسمبر 2026 سے 5 جنوری 2027 کے دوران روانہ کی جائیں گی ، مزید 8 کھیپیں 6 سے 15 جنوری کے دوران روانہ کرنے کا شیڈول دیا گیا ہے ، ہر کھیپ کی کم از کم مقدار 50 ہزار میٹرک ٹن مقرر کی گئی ہے ، تمام کھیپیں 15 فروری 2027 تک پاکستان پہنچانا لازمی ہوگا۔ٹینڈر کے مطابق ترسیل میں تاخیر پر ابتدائی جرمانہ 25 امریکی سینٹ فی میٹرک ٹن یومیہ مقرر کیا گیا ہے ، مزید تاخیر کی صورت میں یہ جرمانہ بڑھ کر ایک امریکی ڈالر فی میٹرک ٹن یومیہ تک ہوسکتا ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments