پنجاب اسمبلی:بیوروکریسی کی مراعات ، صوبوں کے قیام پر بحث

پنجاب اسمبلی:بیوروکریسی کی مراعات ، صوبوں کے قیام پر بحث

گندم ، گنے ،زرعی پالیسی پر حکومتی اور اپوزیشن ارکان میں سخت جملوں کا تبادلہ وزیراعلیٰ کی تشہیر پر 40 ارب روپے خرچ کیے گئے :وقاص مان، آج پھر اجلاس

لاہور(سیاسی نمائندہ)پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں بیوروکریسی کو حاصل مراعات، جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کی کارکردگی، سرکاری افسران کی دوہری شہریت اور نئے صوبوں کے قیام کا معاملہ زیر بحث آیا جبکہ زراعت، گندم اور گنے کی پالیسی پر حکومتی اور اپوزیشن ارکان کے درمیان سخت جملوں کا تبادلہ ہوا۔ تفصیلات کے مطابق سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان کی زیر صدارت گزشتہ روز اجلاس دو گھنٹے 37 منٹ کی تاخیر سے شروع ہوا۔ رکن اسمبلی ندیم قریشی نے کہا کہ جنوبی پنجاب کو الگ صوبہ بنانے کی ضرورت ہے ،جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ حقیقی معنوں میں فعال نہیں۔ وزیر خزانہ مجتبیٰ شجاع الرحمٰن نے جواب میں کہا کہ ملتان میں 9 اور بہاولپور میں 8 محکمے کام کر رہے ہیں ، 10 محکموں میں سپیشل سیکرٹریز جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ میں فرائض انجام دے رہے ہیں ۔ اپوزیشن لیڈر معین ریاض قریشی نے کہا کہ دیگر علاقوں کے مقابلے میں لاہور کو زیادہ اہمیت دی جا رہی ہے ۔ وزیر خزانہ نے جواب دیا کہ پنجاب حکومت کی 56 کنال اراضی ڈی ایچ اے میں جی او آر 9 کے لیے استعمال کی گئی تاکہ اس زمین پر قبضہ نہ ہو سکے ۔رکن اسمبلی احمر بھٹی نے سرکاری افسران کی دوہری شہریت کا معاملہ اٹھایا تو وزیر خزانہ نے ایوان کو بتایا کہ پنجاب کے 5 ڈی ایم جی اور 5 پولیس افسر دوہری شہریت رکھتے ہیں ۔

سپیکر ملک محمد احمد خان نے اس حوالے سے متعلقہ قانون ایوان میں پیش کرنے کی ہدایت کی۔ رکن اسمبلی وقاص مان نے کہا کہ ڈی سی اور ڈی پی اوز کو 4 سے 7 کنال کے سرکاری گھر دیئے جاتے ہیں جبکہ عام شہری بنیادی سہولتوں کیلئے مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں ۔وزیر خوراک سلمیٰ بٹ نے بتایا کہ صوبے کی 41 شوگر ملز میں سے 26 نے کرشنگ شروع کر دی ، گنے کی قیمت 450 روپے فی من تک پہنچ سکتی ہے ۔وزیر زراعت عاشق حسین کرمانی نے کہا کہ 11 لاکھ کسانوں کو 485 ارب روپے فراہم کیے گئے ، کسانوں کی جانب سے قرض واپسی کی شرح 99 فیصد ہے ۔اپوزیشن رکن وقاص مان نے کہا کہ حکومت کی ناقص پالیسیوں کے باعث 2200 ارب روپے کا نقصان ہوا، گزشتہ سال کسانوں نے 1800 سے 2200 روپے فی من گندم خریدی ، اب گندم کی قیمت 6 ہزار روپے من تک پہنچ چکی ،دو سال کے دوران وزیراعلیٰ کی تشہیر پر 40 ارب روپے خرچ کیے گئے ۔ عاشق کرمانی نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کی تصویر لگتی رہے گی۔اپوزیشن رکن ندیم قریشی نے گندم کی بروقت پالیسی نہ بنانے ، سرکاری سطح پر گندم خریداری نہ کرنے ، گنے کی کرشنگ میں تاخیر اور آٹے کی مہنگائی پر تنقید کی، میاں اعجاز شفیع اور رانا شہباز نے بھی گندم اور گنے کی پالیسیوں پر تحفظات کا اظہار کیا۔ مولانا الیاس چنیوٹی نے گنے کی قیمت 600 روپے من مقرر کرنے کا مطالبہ ،رکن اسمبلی آمنہ پروین نے زرعی زمینوں پر ہاؤسنگ سوسائٹیز کے قیام پر تشویش کا اظہار کیا ۔اجلاس آج منگل کی صبح ساڑھے گیارہ بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...