فاٹا پاٹا ٹیکس چھوٹ سکیم، 720 ارب کا ریکارڈغائب
1120 ارب کی اشیا درآمد ،223 کمپنیوں کو کنزمپشن سرٹیفکیٹس جاری سینیٹ داخلہ کمیٹی نے مکمل ریکارڈ طلب کرلیا، تحقیقات ایف آئی اے کے سپرد
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ و انسداد منشیات کی ذیلی کمیٹی نے فاٹا اور پاٹا کیلئے ٹیکس چھوٹ سکیم کے مبینہ غلط استعمال اور اربوں روپے کی ٹیکس چوری کا سخت نوٹس لیتے ہوئے معاملے کی تحقیقات وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے ) کے حوالے کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ کمیٹی نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) سے 223 کمپنیوں کو جاری کردہ کنزمپشن سرٹیفکیٹس کا مکمل ریکارڈ طلب کرتے ہوئے مبینہ ٹیکس چوری میں ملوث تمام عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی ہدایت کردی۔سینیٹر سیف اللہ ابڑو کی زیر صدارت اجلاس میں سینیٹر طلحہ محمود اور سینیٹر عمر فاروق نے شرکت کی۔ اجلاس ابتدائی طور پر اِن کیمرا ہوا، تاہم بعدازاں میڈیا کو کارروائی کی کوریج کی اجازت دے دی گئی۔
سینیٹر سیف اللہ ابڑو نے انکشاف کیا کہ فاٹا اور پاٹا ٹیکس چھوٹ سکیم کے تحت مجموعی طور پر 1120 ارب روپے مالیت کی اشیا درآمد کی گئیں تاہم 720 ارب روپے کی اشیا کا کوئی ریکارڈ یا سراغ دستیاب نہیں۔ ان کے مطابق درآمدی سامان میں 334 ارب روپے مالیت کا گھی اور 65 ارب روپے کی چائے بھی شامل تھی۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ایف بی آر متعلقہ کمپنیوں سے واجب الادا ٹیکس وصول کرنے اور ان کے خلاف کارروائی کرنے میں ناکام رہا جس کے باعث معاملہ ایف آئی اے کو بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا۔سینیٹر ابڑو نے ایف بی آر حکام کو 30 منٹ کے اندر ان تمام 223 کمپنیوں کی تفصیلات فراہم کرنے کی ہدایت کی جنہیں کنزمپشن سرٹیفکیٹس جاری کیے گئے تھے ۔ انہوں نے کمپنیوں کے مالکان اور بورڈ آف ڈائریکٹرز کے ارکان کی شناخت اور قومی شناختی کارڈ نمبرز بھی طلب کیے اور خبردار کیا کہ معلومات فراہم نہ کرنے کی صورت میں ایف آئی اے قانون کے مطابق کارروائی کرے ۔
پٹھان آئل ملز کے نمائندوں کی کمیٹی میں پیشی کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ کمپنی کے مالکان نے کمیٹی کو آگاہ کیا تھا کہ کنزمپشن سرٹیفکیٹس حاصل کرنے کیلئے رقم ادا کی گئی۔ انہوں نے ایف آئی اے کو ہدایت کی کہ مبینہ ٹیکس چوری میں ملوث کسی شخص کو عہدے یا اثر و رسوخ کی بنیاد پر رعایت نہ دی جائے اور طاقتور افراد کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جائے ۔چیئرمین ایف بی آر کی اجلاس میں عدم شرکت پر سینیٹر سیف اللہ ابڑو نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ اجلاس میں کسی سینئر افسر کی غیر حاضری پر سخت کارروائی کی جائے گی اور ضرورت پڑنے پر وارنٹ گرفتاری بھی جاری کیے جائیں گے ۔ انہوں نے ایف بی آر حکام کو چیئرمین سے فوری رابطہ کرکے انہیں اجلاس میں طلب کرنے کی ہدایت کی۔ایف بی آر حکام کی بریفنگ پر بھی سینیٹر ابڑو نے عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اسے نامکمل اور غیر تسلی بخش قرار دیا۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ کنزمپشن سرٹیفکیٹس کس طریقہ کار اور کن حالات میں جاری کیے گئے تاہم حکام تسلی بخش جواب دینے میں ناکام رہے ۔
انہوں نے کہا کہ اس نوعیت کی بریفنگ دے کر پارلیمان کا مذاق اڑایا جا رہا ہے ۔ نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل نے کمیٹی کو بتایا کہ 10 افسران کا ڈیٹا اور لوکیشن معلومات حاصل کرلی گئی ہیں۔سینیٹر ابڑو نے اعلان کیا کہ کمیٹی کے پاس موجود تمام معلومات اور ریکارڈ مزید تحقیقات کیلئے ایف آئی اے کے حوالے کیا جائے گا۔ انہوں نے ایف بی آر کو مبینہ سکیم سے فائدہ اٹھانے والی کمپنیوں سے واجب الادا ٹیکس اور رقوم کی وصولی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔ذیلی کمیٹی نے آزادانہ، شفاف اور مقررہ مدت میں تحقیقات مکمل کرنے پر زور دیتے ہوئے ایف آئی اے ، انسداد منشیات فورس، ایف بی آر، کسٹمز اور پولیس کے درمیان مؤثر رابطہ کاری یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ کمیٹی نے مبینہ بے ضابطگیوں میں سہولت کاری کرنے والے سرکاری اہلکاروں کی نشاندہی اور ضبط شدہ سامان کی تحویل و انتظام میں پائی جانے والی خامیوں کا تعین کرنے کا بھی حکم دیا۔اجلاس کے اختتام پر کمیٹی نے چیئرمین ایف بی آر کو آئندہ اجلاس میں ذاتی طور پر پیش ہونے کی ہدایت کی ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments