ادویات قیمتوں ودستیابی کی موثر نگرانی کی جائے ، قائمہ کمیٹی
فارمولا دودھ کے اشتہارات پر پابندی، ماں کے دودھ کی آگاہی مہم شروع کرنیکی ہدایت ڈریپ فارمولا دودھ کی لیب ٹیسٹنگ سے متعلق سابقہ ہدایات پر عملدرآمد کرے ، کمیٹی
اسلام آباد (نیوز رپورٹر) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے قومی صحت نے ایک سے 36ماہ تک کے بچوں کے فارمولا دودھ کے اشتہارات پر پابندی کے قانون پر عملدرآمد، ماں کے دودھ کی افادیت سے متعلق ملک گیر آگاہی مہم شروع کرنے اور جان بچانے والی ادویات کیقیمتوں و دستیابی کی مؤثر نگرانی یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔ کمیٹی نے وزارت قومی صحت کو 15 روز میں آگاہی اشتہار تیار کرنے کا حکم دیتے ہوئے واضح کیا کہ کسی ایگزیکٹو نوٹیفکیشن کے ذریعے پارلیمنٹ کے منظور کردہ قانون کو معطل یا تبدیل نہیں کیا جاسکتا۔چیئرمین سینیٹر عامر ولی الدین چشتی کی زیرصدارت اجلاس میں چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ یہ معاملہ بچوں کی صحت اور آنے والی نسلوں کے مستقبل سے جڑا ہے ، اس لیے اس پر غفلت نہیں برتی جاسکتی۔ انوشہ رحمان نے بھی پیمرا کی کارکردگی پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ فارمولا دودھ بنانے والی صنعت کی حمایت کے بجائے کمیٹی کی سفارشات اور قانون پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے ۔چیئرمین کمیٹی نے فارمولا دودھ کی لیبارٹری ٹیسٹنگ سے متعلق سابقہ ہدایات پر ڈریپ کی جانب سے عملدرآمد نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اس معاملے پر وضاحت طلب کی۔ پیمرا حکام نے یقین دہانی کرائی کہ قانون کے منافی فارمولا دودھ کا کوئی اشتہار نشر نہیں ہونے دیا جائے گا۔اجلاس میں سینیٹر سید مسرور احسن نے ضروری اور جان بچانے والی ادویات کی مارکیٹ سے عدم دستیابی اور بلیک مارکیٹ میں مہنگے داموں فروخت پر تشویش ظاہر کی۔ انہوں نے کہا کہ اس مسئلے کی روک تھام کے لیے تمام سیاسی جماعتیں متفق ہیں۔چیئرمین کمیٹی نے واضح کیا کہ ادویات کی قیمتوں کو ڈی ریگولیٹ کرنے کا مطلب کمپنیوں کو من مانی قیمتیں بڑھانے کی اجازت دینا نہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments